ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف پاکستان گلوکار سلمان احمد کو امریکا میں پرفارم کرنے کی خصوصی دعوت موصول ہوئی جو انہوں نے بصد شوق قبول کرلی۔
آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار میلیسا ایتھریج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں سلمان احمد کو مخاطب کرتے ہوئے دعوت دی کہ وہ ان کے ساتھ نیو جرسی میں ’رنگ دی بیلز‘ گانے پر پرفارم کریں۔
سلمان احمد نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے انہیں ای میل کرنے کا کہا۔
جواباً میلیسا ایتھریج نے ایک اور ٹوئٹ کیا، کہ ’میرا بھائی سلمان 10 ہزار میل کا سفر طے کر کے ان تعطیلات کو یادگار بنانے آرہا ہے‘۔
میلیسا ایتھریج 15 بار گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کی جاچکی ہیں جبکہ انہیں دو بار سنہ 1993 اور 1995 میں گریمی ایوارڈ ملا۔ سنہ 2007 میں ان کے گانے ’آئی نیڈ ٹو ویک اپ‘ کو آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
سلمان احمد نے کہا کہ میلیسا ایتھریج ایک عظیم گلوکارہ ہیں اور انہیں فخر ہے کہ انہیں (سلمان کو) ان کے ساتھ پرفارم کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ دونوں گلوکار پہلی بار سنہ 2007 میں اوسلو میں ہونے والی نوبل انعام کی تقریب میں ایک دوسرے سے ملے تھے جہاں ان دونوں نے ایک ساتھ اسی گانے پر پرفارم کیا تھا۔