ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان کے نامور گلوکار اور منفرد گانوں سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے والے طاہر شاہ نے نئے سال کی آمد پر نئی ویڈیو ریلیز کر دی۔
اپنی نئی ویڈیو کو طاہر شاہ نے ’انسانیت محبت‘ کا نام دیا ہے۔
فیس بک اور یو ٹیوب پر جاری ہونے والی ویڈیو کی طوالت 2 منٹ 18 سیکنڈ ہے، جس میں طاہر شاہ گود میں ایک سفید بلی کو پیار کرتے ہوئے موسیقی کے ساتھ ساتھ شاعری پڑھتے نظر آ رہے ہیں، یہ شاعری بھی انہوں نے خود ہی تحریر کی ہے۔
ان کے بول کچھ یوں ہیں کہ
محبت ہے ایمان میرا، پیار میری پہچان
سچی محبت تو آنکھوں کے ذریعے دل میں بستی ہے
یہی محبت تو تا عمر دل کے گھر میں رہتی ہے
محبت ہے فرشتہ، آنکھوں میں ہے پیار
محبت ہے ایمان میرا، پیار میری پہچان
اظہار محبت، سچی محبت کا ہی یہ اسرار ہے
تو سچی محبت کرنے سے کیوں ڈرتا ہے
جب سچا پیار سپنوں میں اپنی محبت سے کر سکتا ہے
تو حقیقت میں اظہار محبت سے کرنے سے کیوں ڈرتا ہے
ارے نسواں محبت کا دوسرا نام ہی فرشتہ ہے
تو فرشتوں سے محبت کرنے سے کیوں ڈرتا ہے
نہ ڈر وہ تجھے ضرور اپنائے گی، اگر تیری محبت بھی فرشتہ ہے
طاہر شاہ نئی ویڈیو میں بھی اپنے منفرد لباس کے انداز کو اپنائے ہوئے ہیں، سنہرے رنگ کے کپڑوں میں گلوکار ایک بلند سونے کے رنگ کی کرسی پر بیٹھے ہیں، جبکہ انہوں نے انگلیوں میں سونے کی بھاری انگوٹھیاں پہنی ہوئی ہیں، اسی طرح پس منظر میں نظر آنے والے درخت کے پتے بھی سنہری رنگ کے ہیں۔
واضح رہے کہ طاہر شاہ کو شہرت اس وقت ملی جب ان کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، اس گانے پر جہاں کئی لوگوں طاہر شاہ پر تنقید کی وہیں کچھ نے انہیں سراہا۔
طاہر شاہ نے پاکستان کے کئی نامور شوز میں بھی شرکت کی، گزشتہ برس اپریل 2015 میں ان کا ایک اور گانا ’اینجل‘ بھی ریلیز ہوا، یہ گانا بھی سوشل میڈیا کے ساتھ پاکستان کے علاوہ بولی ووڈ میں بھی زیر بحث رہا، اس پر بھی لوگ مثبت اور منفی دونوں رائے دے رہے ہیں۔
طاہر شاہ نے اپنے منفرد گانوں سے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، بولی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور ورن دھون نے بھی ان کے گانوں کی نقل میں ویڈیوز جاری کیں۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل طاہر شاہ کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے اور ملک چھوڑنے کی خبریں سامنے آئی تھی۔
طاہر شاہ کو فون کال کے ذریعے نامعلوم افراد نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد گلوکار نے حکام سے سیکیورٹی کا مطالبہ بھی کیا، تاہم انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
طاہر شاہ کے مینجر عفان نے بھی ان کے پاکستان کو چھوڑ کر جانے کی خبر کی تصدیق کی، تاہم اس حوالے سے طاہر شاہ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ یہ بھی واضح نہ ہوسکا کہ طاہر شاہ کس ملک منتقل ہوئے.