ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) مارننگ شوز کی دنیا کا معروف نام ڈاکٹر شائستہ لودھی طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہے اور وہ 23 جنوری سے جیو نیوز پر مارننگ شو کا آغاز کر رہی ہیں۔ شائستہ لودھی ”جیو صبح پاکستان “ کے نام سے مارننگ شو کریں گے جس میں مختلف موضوعات پر گفتگو کیساتھ ساتھ بھرپور انٹرٹینمنٹ فراہم کی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی نمبر ایک ہونے کا دعویٰ نہیں کیا کیونکہ وہ اس سے ڈرتی ہیں اور صرف ایسا کام کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو لوگوں کو پسند آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارننگ شوز میزبان کا محور میزبان ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے ہی پروگرام دیکھا جاتا ہے اس لئے میزبان کا لوگوں کو متوجہ کرنا اور ان کی دلچسپی کا مواد پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اہل بیت کی گستاخی کے معاملے پر پروگرام پر پابندی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شائستہ لودھی نے کہا کہ اس دوران مجھے بہت سی مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہوا، میری والدہ وہیل چیئر پر آ گئیں اور والد کا بلڈ پریشر کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا تاہم ان 2 سالوں میں اللہ تعالیٰ کے بہت قریب ہوئی ہوں۔ ڈراموں میں اداکاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا یہ تجربہ کچھ زیادہ کامیاب نہیں رہا اور ان کے خیال میں انہوں نے بہت ہی برا کام کیا جسے دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے لیکن اب ایک اور ڈرامے میں کام کر رہی ہوں اور امید ہے کہ اس میں اداکاری کچھ بہتر ہو گی تاہم فلموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔