ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ہالی ووڈ کی مشہور امریکی اداکارہ لنزے لوہان نے کہا ہے کہ میرے ایک سعودی دوست نے قرآن کریم تحفے میں دیا جسے میں اپنے ساتھ رکھنے لگی اور اب اُس کی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہوں جس کی وجہ سے اسلام سے قربت بھی حاصل ہورہی ہے کیونکہ یہ میری شخصیت کے عین مطابق ہے۔ مشہور امریکی اداکارہ لنزے لوہان نے ایک وڈیو کلپ میں اسلام کے ساتھ اپنی کہانی اور اس حوالے سے اپنے ایک سعودی دوست کے کردار کا ذکر کیا ۔ لنزے کے مطابق ” لندن میں سکونت کے دوران ایک سعودی دوست نے مجھے قرآن کریم کا ہدیہ پیش کیا جسے میں اپنے ہمراہ نیویارک لے آئی اور اسے پڑھنا شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ایک کُھلے دروازے کے مترادف ہیں اور بالخصوص روحانیت کے لحاظ سے یہ میری شخصیت کے عین مطابق ہیں”۔ لنڈسے کا کہنا ہے کہ ” امریکا میں قرآن کا نسخہ لے کر سڑک پر چل رہی تھی، اس دوران کچھ لوگوں نے مجھ پر حملہ کر دیا اور کہا کہ میں ایک بری انسان ہوں، یہ سب صرف اس لیے کہ میں نے قرآن کریم ہاتھ میں تھاما ہوا تھا”۔ امریکی اداکارہ نے کہا کہ ” لندن واپس آکر اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہی ہوں کیونکہ مجھے اپنے ملک میں خطرہ ہوگیا ہے، لوگوں نے میرے ساتھ برا سلوک اس لیے کیا کہ (قرآن) میرا اعتقاد ہے اور میں اس پر ایمان لائی ہوں”۔ لنزے نے افسردہ انداز میں کہا کہ “اب میں سوچ سکتی ہوں کہ عام مسلمانوں کے ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں روزانہ کیا کیا معاملات پیش آتے ہوں گے، اور وہ کتنی اذیت سے گزرتے ہوں گے کیونکہ میں خود بھی اسی تجربے سے گزر چکی ہوں”۔ خیال رہے امریکی اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر موجود اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر کو حذف کردیا ہے اور اپنی پروفائل کو انگریزی زبان سے تبدیل کر کے عربی زبان میں تبدیل کرتے ہوئے عبارت میں ’’السلام وعلیکم‘‘ کے الفاظ تحریر کیے ہیں۔ انسٹاگرام پر لنڈسے کے فالوورز کی تعداد 57 لاکھ سے زائد ہے، اسلام سے قریب حاصل کرنے کے بعد مداحوں کی جانب سے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔