ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)کیا آپ موبائل فون پر اکثر وقت آن لائن ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں ؟ تو اب انہیں پانچ گنا تیز چلانے اور کم از کم انٹرنیٹ ڈیٹا خرچ کرنا پسند کریں گے اگر ہاں تو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ گوگل نے ویڈیو کو تیز اور ہموار چلانے کے لیے کروم براﺅزر کو اپ ڈیٹ کیا ہے اور اب اس کے نتیجے میں بیٹری بھی بہت کم خرچ ہوگی۔
گوگل کروم بلاگ پر جاری بیان کے مطابق براﺅزر کے نئے ورژن میں کی جانے والی بہتری کا اثر مختصر ویڈیوز پر نمایاں طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اینڈرائیڈ صارفین اپنے کروم براﺅزر کو اب گوگل پلے اسٹور سے اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔ گوگل کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ ویڈیوز کی رفتار میں بہتری ڈرامائی ہے، یعنی کروم کے پرانے ورژن میں ویڈیو کو چلنے میں 1:13 منٹ کا وقت لگا جبکہ نئے ورژن میں محض 9 سیکنڈ پر وہ چلنے لگی۔
تیز ویڈیو اسٹریمنگ کا فیچر واقعی زبردست ہے مگر موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا میں کمی لانا اس سے بھی زیادہ بہتر فیچر ہے۔ اس کے لیے ڈیٹا سیور کو آن کریں یعنی سیٹنگز وہاں ڈیٹا سیور اور پھر آن، جس کے بعد صارفین 50 فیصد ڈیٹا بچا سکیں گے جو کہ ماہانہ بجٹ پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گا۔ تاہم تیز ویڈیو اسٹریمنگ کا فیچر یوٹیوب ایپ پر کام نہیں کرے گا۔