ایمز ٹی وی (صحت) قبض کا شکار ہونا گردوں کے امراض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔ یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ ٹینیسی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ قبض جیسا عام مرض گردوں کے سنگین امراض کا خطرہ 13 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔ تحقیق کے مطابق قبض کی وجہ سے گردے موثر طریقے سے کام نہیں کرپاتے اور گردے فیل ہونے کاامکان بھی ہوتا ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ قبض کی جلد تشخیص ڈاکٹروں کو اسے سنگین صورت اختیار کرنے سے روکنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ فائبر سے بھرپور صحت مند غذا اور جسمانی سرگرمیاں بھی اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ قبض جو کہ ہر سات میں سے ایک بالغ شخص کو ہوتا ہے، انسانی صحت پر کئی طرح کے اثرات مرتب کرنے والا مرض ہے۔
اس تحقیق کے دوران 35 لاکھ ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جن کے گردوں کے افعال ٹھیک تھے اور ان کا ابتدائی جائزہ 2004 میں لیا گیا جبکہ دوسری بار 2006 اور پھر سات سال بعد دوبارہ دیکھا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کو اکثر قبض رہتا تھا ان میں گردوں کے امراض کا امکان 13 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح ایسے افراد میں گردے فیل ہونے کا خطرہ بھی 9 فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ جن افراد کو اکثر قبض رہتا ہے ان میں دونوں امراض کا خطرہ ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ معدے اور گردے کے درمیان تعلق موجود ہے اور نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ قبض گردوں کے افعال پر اثرات مرتب کرتا ہے۔ یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف دی امریکن سوسائٹی آف نیفرولوجی میں شائع ہوئی۔