ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ روز ویڈیو کالنگ فیچر متعارف کرانے کا باضابطہ اعلان ہوا اور لگتا ہے کہ اس سے پریشان مائیکرو سافٹ کی ویڈیو کالنگ ایپ اسکائپ نے اپنی سب سے بڑی تبدیلی متعارف کرادی ہے۔ جی ہاں مائیکروسافٹ نے اسکائپ کا استعمال پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ آسان بنا دیا ہے کیونکہ اب اس کے لیے اکاﺅنٹ بنانے کی ضرورت ہی نہیں۔ اسکائپ میں پہلے ہی گروپ چیٹ میں مہمان افراد کو شامل کرنے کی سہولت موجود تھی مگر اب مائیکروسافٹ نے اس ایپ کے آڈیو اور کالنگ فیچرز کا استعمال بھی اکاﺅنٹ کے بغیر ممکن بنا دیا ہے۔ بس آپ کو اسکائپ کی ویب سائٹ کھول کر Start a conversation پر کلک کرکے اپنا نام درج کرنا ہوگا اور بس۔
اس کے بعد آپ وائس، ویڈیو چیٹ کسی کے بھی ساتھ کریں گے بس آپ کو مطلوبہ فرد کے ساتھ لنک شیئر کرنا ہوگا جو فیس بک یا کسی بھی ذریعے سے کیا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق یہ سہولت فی الحال صرف اسکائپ کے ویب ورژن کے لیے دستیاب ہے اور 300 افراد گروپ چیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں، جبکہ وائس یا ویڈیو کال میں شامل افراد کی حد 25 رکھی گئی ہے۔ اگر آپ بطور گیسٹ اسکائپ کا استعمال کرتے ہیں تو آپ کی یہ بات چیت 24 گھنٹے تک موجود رہے گی تاہم لینڈ لائن کالنگ یا اسکائپ ٹرانسلیٹر کے لیے آپ کو اس ایپ کے اکاﺅنٹ کی ضرورت ہوگی۔
اس کو استعمال کرنے کا طریقہ آپ نیچے موجود ویڈیو سے جان سکتے ہیں۔