ھفتہ, 23 نومبر 2024


واٹس ایپ نے کروڑوں صارفین سے منہ پھیر لیا

 

ایمز ٹی وی(ما نیٹرنگ ڈیسک) اگر تو آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ دنیا بھر میں کروڑوں فونز پر اب یہ ایپ کام نہیں کرسکے گی۔جی ہاں واٹس ایپ اب پرانے فونز میں کام نہیں کرسکے گی کیونکہ دنیا کے مقبول ترین میسنجر نے ایسی ڈیوائسز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس حوالے سے واٹس ایپ نے رواں سال کے شروع میں اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ متعدد ڈیوائسز پر ایپ سپورٹ 2016 کے آخر تک ختم کردی جائے گی جس کے بعد ان پر اس چیٹ ایپ کو استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔

اس میسنجر کی سپورٹ تمام بلیک بیری فونز، آئی فون تھری جبکہ کچھ نوکیا اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر ختم کی جائے گی۔یہ سپورٹ دسمبر میں کسی وقت بھی ختم کردی جائے گی یعنی اب محض چند دن ہی رہ گئے ہیں۔واٹس ایپ کے اس فیصلے سے بلیک بیری کا ہر فون متاثر ہوگا چاہے اس میں نیا بلیک بیری 10 سسٹم ہی کیوں نہ موجود ہو۔

اس طرح نوکیا S40، نوکیا S60، ہر وہ فون جو اینڈرائیڈ 2.1 یا 2.2 اور ونڈوز 7.1 پر چل رہا ہوگا اس پر بھی واٹس ایپ کی سپورٹ ختم ہوجائے گی۔

ان تمام ڈیوائسز کو استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے اور اس فیصلے سے وہ ضرور متاثر ہوں گے ۔

واٹس ایپ کا کہنا تھا یہ فونز استعمال کرنے والے صارفین سال کے ختم ہونے سے قبل نئی ڈیوائسز پر منتقل ہوجائیں۔کمپنی کے بقول اس فیصلے سے سروس میں مزید سکیورٹی ٹولز اور نئے فیچرز کا اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment