ایم ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) ہالینڈ کی ایک کمپنی نے سائیکل میں ٹریڈ مل اس طرح سے سمو دی ہے کہ اب آپ ٹریڈ مل پر چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے کام پر بھی جاسکتے ہیں۔
یہ موٹاپا اور کیلوریز گھلانے والی ٹریڈ مل ہی نہیں بلکہ منفرد سواری بھی ہے جو دیکھنے میں الیکٹرک بائی سائیکل کی طرح لگتی ہے لیکن درحقیقت یہ ایک سائیکل ہے جس پر ٹریڈ مل کی پٹی نصب ہے۔
اگرچہ اسٹارٹ ہونے کے لیے اسے بیٹری کی طاقت درکار ہوتی ہے لیکن ایک بار چل پڑنے کے بعد یہ اپنے سوار کے پیروں کی حرکت سے بھی توانائی حاصل کرتی ہے اور یوں وہ گویا پیدل چلتے ہوئے اپنے منزل کی طرف گامزن ہوجاتا ہے۔
البتہ پیدل چلنے کے مقابلے میں اس کی رفتار خاصی زیادہ ہے اور یہ ایک گھنٹے میں 25 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔ اسے بنانے کا اصل مقصد ان لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو بہت مصروف رہتے ہیں اور جن کے پاس چہل قدمی یا جاگنگ کے لیے علیحدہ سے وقت نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
ٹریڈ مل بائی سائیکل کی بدولت وہ ٹریڈ مل چلاتے دوران ہی کام پر بھی جاسکتے ہیں۔ اگرچہ یہ بہت مہنگی ہے اور ہالینڈ میں اس کی قیمت ایک ہزار 995 یورو (تقریباً 2 لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپوں کے بقدر) ہے لیکن 2014 میں جب یہ ٹریڈ مل بائی سائیکل پہلی بار محدود تعداد میں پیش کی گئی تو کمپنی کو اس کے اتنے آرڈر موصول ہوئے کہ اسے جلد ہی بڑے پیمانے پر اس کی پیداوار شروع کرنا پڑی۔
اس وقت یہ دلچسپ سواری ہالینڈ کے علاوہ دوسرے یورپی ممالک میں بھی تیزی سے مقبول ہورہی ہے اور کمپنی کا منصوبہ دوسرے ملکوں میں بھی اس کے پیداواری یونٹ قائم کرنے کا ہے۔ علاوہ ازیں اس سائیکل کی مقبولیت دیکھتے ہوئے کمپنی نے امریکا میں بھی اس کی باقاعدہ فروخت کا آغاز کردیا ہے۔
فی الحال یہ کسی دکان پر دستیاب نہیں بلکہ اسے صرف کمپنی کی ویب سائٹ سے آن لائن ہی خریدا جاسکتا ہے۔