ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ کے نئے ورژن میں منفرد فیچرز کے اضافے سے متعلق مسلسل خبریں آرہی ہیں اور اب معلوم ہوا ہے کہ نئے واٹس ایپ میں اسٹریمنگ ویڈیو کے علاوہ امیج ایڈیٹنگ اور ویڈیوز کو گف (GIF) میں تبدیل کرنے کے فیچرز بھی موجود ہیں۔
امیج ایڈیٹنگ کے حوالے سے واٹس ایپ میں پہلے صرف کسی بھی امیج کو کاٹنے (کراپ کرنے) کی سہولت ہی موجود تھی جسے نئے واٹس ایپ ورژن میں بہتر بنایا گیا ہے۔ نئے امیج ایڈیٹنگ فیچر کی بدولت آپ واٹس ایپ کے اندر ہی رہتے ہوئے تصویر میں کاٹ چھانٹ کرنے کے علاوہ اس میں ٹیکسٹ لکھ سکتے ہیں، تصویر پر مختلف ایموجیز لگا سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو تصویر پر مناسب سا کیپشن بھی لگاسکتے ہیں۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے لیے نیا ضرور ہے لیکن اسنیپ چیٹ اس سے بہت پہلے اپنی ایپ میں یہ فیچر متعارف کرواچکا ہے۔ البتہ ایک اچھے امیج ایڈیٹنگ فیچر کا اضافہ واٹس ایپ صارفین کے لیے کسی خوش خبری سے کم نہیں۔ واٹس ایپ میں اسی قسم کا دوسرا نیا اور دلچسپ فیچر، ویڈیوز کو گفس (GIFs) میں تبدیل کرنے کا ہے۔ اس سے پہلے واٹس ایپ کے ذریعے صرف گفس کی شیئرنگ ہی ممکن تھی لیکن گفس بنانے کے لیے صارفین کو دوسرے سافٹ ویئر کی ضرورت ہی رہتی تھی۔
ویڈیو کو گفس میں تبدیل کرنے والے اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے آپ کو واٹس ایپ میں ویڈیو ریکارڈنگ کا بٹن 6 سیکنڈ تک دبا کررکھنا پڑے گا جس کے بعد شارٹ ویڈیوز کو گفس میں تبدیل کرنے والا آپشن اسکرین پر نمودار ہوجائے گا۔ اس فیچر کی مدد سے آپ اپنی ویڈیو کے مختلف اسکرین شاٹس جمع کرکے انہیں گفس کی شکل میں لاسکتے ہیں اور ان گفس کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ یا واٹس ایپ گروپ پر شیئر بھی کراسکتے ہیں۔ یعنی اس کام کے لیے بھی آپ کو واٹس ایپ سے باہر جانے کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی۔