ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنی میسنجر ایپ استعمال کرنے والے صارفین کا مطالبہ پورا کرتے ہوئےایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ فیس بک میسنجر ایپ میں گروپ ویڈیو کالز کا فیچرمتعارف۔
اس فیچر کے تحت 50 افراد کو ویڈیو کال کی جاسکے گی اور پہلے 6 شرکاء کے لیے یہ ایپ ہر ایک کے کیمرہ فیڈ میں گرڈ جیسے ویو کو پیش کرے گی، جبکہ باقی افراد کے لیے اسپیکر فیڈ کا ڈسپلے نظر آئے گا۔
اس چیز نے میسنجر کے گروپ ویڈیو چیٹ کے فیچر کو موجودہ ایپس پر سبقت دے دی ہے کیونکہ گوگل ہینگ آﺅٹس اور مائیکروسافٹ اسکائپ میں 10 افراد ہی گروپ ویڈیو کال کرسکتے ہیں۔
ویڈیو چیٹ کے اس آپشن سے قبل رواں سال اپریل میں میسنجر نے گروپ آڈیو کالنگ کو متعارف کرایا تھا، اس سے پہلے فیس بک کی اس ایپ میں ون آن ون کال ہی ممکن تھی۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ گروپ ویڈیو کال میں شامل افراد اسٹیکرز، ایموجیز، جی آئی ایف اور دیگر چیزیں بھی بات چیت کے دوران ارسال کرسکتے ہیں۔
یہ فیچر دنیا بھر میں آئی او ایس، اینڈرائیڈ اور ویب صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جبکہ آئی او ایس صارفین کے لیے اس کے ساتھ اینیمیٹڈ ماسکس کا آپشن بھی ہے جو کال کے دوران استعمال ہوسکیں گے تاہم اینڈرائیڈ صارفین فی الحال اس سے محروم رہیں گے۔
اس فیچر کی توقع اُس وقت سے کی جارہی تھی جب میسنجر میں گزشتہ سال ون آن ون ویڈیو کالنگ متعارف کرائی گئی تھی اور میسنجر نے خود اعتراف کیا ہے کہ یہ وہ آپشن ہے جس کا صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا تھا۔
اس وقت ہر ماہ 245 ملین افراد فیس بک کی اس ایپ میں ویڈیو کالز کرتے ہیں اور اسے توقع ہے کہ گروپ ویڈیو کالنگ کے ذریعے اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی بہت آسان ہے جو آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔