ایمز ٹی وی (صحت /فیصل آباد)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں 200اضافی بیڈز کے ان ڈوروارڈ کیلئے 43کروڑ روپے سے جدید طبی مشینری اوربیڈز کی خریداری کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت چلڈرن ہسپتال میں ان ڈور وارڈ کوفنکشنل بنانے سمیت دیگر تعمیراتی مراحل پر عملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں بچوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں میں وسعت لانے کے لئے اضافی بیڈ کا ان ڈوروارڈ بڑی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس میں سٹی سکین،کلر ڈوپلر،بلڈ بینک اور دیگر مشینری جلد فراہم ہونی چا ہئے ۔ انہوں نے ایکسئین بلڈنگز سے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کی پراگریس پر گہری نظر رکھی جائے اور متعلقہ ٹھیکیدار کو مزید متحرک کریں جبکہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چلڈرن ہسپتال مستقبل میں انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ بنے گا جس کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ماہر ڈاکٹرز اوراسٹاف کی تعیناتی کے امورنمٹائے جائیں۔