ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)ویسے تو سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس ایٹ کے سامنے آنے میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے مگر اس کی پہلی واضح تصویر لیک ہوکر سامنے آگئی ہے۔ ایولیکس نامی ٹوئٹر صارف نے گلیکسی ایس 8 کی تصویر لیک کی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ ڈیوائس کیسی ہوگی۔ تصویر سے پتا چلتا ہے کہ یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں ہوم بٹن نہیں جبکہ اس کی اسکرین بھی دنگ کردینے والی ہے۔ سام سنگ کی جانب سے 29 مارچ کو اس فون کو متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس نئی لیک میں اس کے فیچرز کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں۔ مگر یہ بات پہلے سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی ایس ایٹ پلس 6.2 انچ کی کواڈ ایچ ڈی سپر امولیڈ ڈسپلے والا فون ہے۔ سام سنگ کی جانب سے یہ فون اس بار موبائل ورلڈ کانگریس میں تو متعارف نہیں کرایا گیا تاہم اس کے متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان ضرور کیا گیا۔ یہ سام سنگ کا پہلا بیزل لیس یا ایج لیس فون ہوگا مگر اس کے دونوں ماڈلز کا سائز گلیکسی ایس سیون اور ایس سیون ایج سے بڑا ہوگا۔ اس فون میں آڈیو جیک، ٹائپ سی یو ایس بی اور پہلے سے بہتر کیمرہ وغیرہ تو ہوں گے مگر ہوم بٹن کو ممکنہ طور پر ختم کردیا جائے گا۔ اسی طرح یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں کمپنی کا اپنا ڈیجیٹل اسسٹنٹ بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس میں انفینٹی اسکرین ہے جو کہ ورچوئل طور پر اس فون کے فرنٹ پینل کو کور کرے گی یا یوں کہہ لیں کہ مکمل طور پر فرنٹ پر بس پوری اسکرین ہوگی جسے ایج لیس اسکرین بھی کہا جاتا ہے اور فنگر پرنٹ اسکینر بیک پر چلا جائے گا۔