اتوار, 24 نومبر 2024


دنیا کی سب سے لچک دار اسمارٹ فون اسکرین تیار

 

ایمز ٹی وی( ٹیکنالوجی) یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے انجینئروں نے ایک ایسی انتہائی لچک دار ٹچ اسکرین کا پروٹوٹائپ تیار کیا ہے جسے کھینچا اور لپیٹا جاسکتا ہے جب کہ یہ دباؤ کے علاوہ قدرے فاصلے سے ہاتھ کی حرکت تک کو محسوس کرسکتی ہے۔
اگرچہ لچک دار برقی آلات تیار کرنے کی کوششیں پچھلے کئی سال سے جاری ہیں اور ان میں متعدد کامیابیاں بھی حاصل ہوچکی ہیں لیکن مذکورہ ٹچ اسکرین کو اس سلسلے میں اہم ترین پیش رفت قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں جیلی دار سلیکون (silicone) کی باریک پرت میں مختلف اقسام کے نہایت مختصر برقی آلات سموئے گئے ہیں جن میں سے کچھ تو دباؤ اور روشنی میں تبدیلی کو محسوس کرتے ہوئے سینسر کا کام کرسکتے ہیں جب کہ دیگر اقسام کے آلات بجلی کی منتقلی کا کام کرتے ہیں۔ دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ اس لچک دار ٹچ اسکرین میں استعمال کیے گئے سارے مادے بہت کم خرچ بھی ہیں۔
یہ لچک دار تجرباتی ٹچ اسکرین 5 سینٹی میٹر لمبی اور 5 سینٹی میٹر چوڑی ہے جسے یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا، کینیڈا کے مرزا ثاقب سرور اور ان کے ساتھی انجینئروں نے تیار کیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دے کر زیادہ بڑی اور عملی نوعیت کی ٹچ اسکرینز تیار کی جاسکیں گی جو اپنی لچک اور پائیداری کی بناء پر نہ صرف جدید ترین اسمارٹ فونز کا حصہ بن سکیں گی بلکہ انہیں مستقبل کے روبوٹس کے لیے انسانوں جیسی کھال تیار کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
علاوہ ازیں آنے والے برسوں میں یہی لچک دار ٹچ اسکرین بالکل کاغذ جیسے برقی اخبارات اور ایسی ٹی وی اسکرینز کی بنیاد بھی بن سکیں گی جنہیں دیوار پر چپکایا اور ضرورت پڑنے پر لپیٹا جاسکے گا۔ غرض ہر وہ شعبہ جہاں لچک دار برقی آلات کا اطلاق ممکن ہے، ہر اس میدان میں یہ ٹچ اسکرین استعمال کی جاسکے گی۔ اس پروٹوٹائپ کی تفصیلات ’’سائنس ایڈوانسز‘‘ میں شائع ہوئی ہیں۔


اسمارٹ فون کی دنیا میں لچکدار ٹچ اسکرین تیار by aimstv_tv

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment