ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) 2017 میں آئی فون کو دس سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع کو خاص بنانے کے لیے ایپل ایک یا دو نہیں بلکہ تین فونز متعارف کرانے والی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو فونز میں تو گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں معمولی تبدیلیاں یا بہتری کی جائے گی جبکہ تیسرا مکمل طور پر ری ڈیزائن پریمیئم آئی فون ہوگا۔ اگرچہ یہ تینوں فون ایک ساتھ ہی متعارف کرائے جائیں گے مگر صارفین کو ری ڈیزائن آئی فون کو خریدنے کے لیے سال کے آخر تک انتظار کرنا پڑے گا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پریمیئم آئی فون ایک یا دو ماہ تاخیر کے بعد فروخت کیا جائے گا جس کی وجہ اس ڈیوائس کی تیاری میں پیش آنے والی مشکلات ہیں۔ اس فون کے بالکل نئے ڈیزائن نے اس کی تیاری کو مشکل بنایا ہے جو کہ گلیکسی ایس ایٹ جیسی ایج اسکرین کے ساتھ ہوگا۔ اسی طرح ایپل کی جانب سے فنگر پرنٹ سنسر کو اسکرین کا حصہ بنانے کا تجربہ بھی کیا جارہا ہے جو کہ تاخیر کا حصہ بن سکتا ہے، سام سنگ نے ایس ایٹ میں اس فیچر کو لانے کی کوشش کی تھی مگر اسے کافی مشکل پایا تو اس سنسر کو فون کے بیک پر منتقل کردیا۔ اس پریمیئم آئی فون کے فرنٹ کیمرے میں تھری ڈی سنسنگ کی صلاحیت کا فیچر بھی ہوسکتا ہے بلکہ رپورٹ کے مطابق ایپل اس فون میں پہلی بار ڈوئل کیمرہ فرنٹ پر دے سکتی ہے۔ تھری ڈی کیمرہ زیادہ اچھے سیلفی فلٹرز اور augmented رئیلٹی ماسکس کو استعمال کرنے کا موقع دے گا جبکہ گیمنگ اور تھری ڈی ماڈلنگ کے لیے بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔