ایمزٹی وی(صحت) پاکستانی سرجن نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے 4 سالہ بچے کا 5 کلو اضافی سر الگ کرنے کا کامیاب آپریشن کردیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستانی سرجن اور ڈاکٹرز کا شمار دنیا کے بہترین طبی ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف وطن میں بلکہ بیرون ملک بھی نمایاں کارنامے انجام دے کر تاریخ میں اپنا اور ملک کا نام روشن کیا۔ ایسے ہی ایک ڈاکٹر نیورو سرجن عبدالعزیز بھی ہیں جنہوں نے ایبٹ آباد میں چار سالہ بچے کا اضافی سر الگ کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ سرجن عبدالعزیز اور ان کی ٹیم نے سرکاری اسپتال ایوب میڈیکل کمپلیکس میں 4 سالہ بچے کے اضافی سر کی پیچیدہ سرجری کرکے تاریخ رقم کر دی۔
انہوں نے آپریشن کرکے نہ صرف بچے کے 5 کلو اضافی سر اور اسکن کو کاٹ کر الگ کیا بلکہ اس کے دماغ کی شریانوں کو بھی مہارت سے جوڑ دیا۔ آپریشن کے بعد 4 سالہ عاصم کی حالت بہتر ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہورہا ہے۔ بچے کے اہل خانہ نے کامیاب آپریشن پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور سرجن عبدالعزیز کے لیے ڈھیروں دعائیں کیں۔ سرجن عبدالعزیز نے بچے کو مکمل صحت مند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے بعد عاصم کی حالت بہتر ہے اور اپنی زندگی عام انسان کی طرح گزار سکتا ہے۔اس آپریشن کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔