ھفتہ, 23 نومبر 2024


چین میں ’’بُت‘‘ بن کربیٹھنے والوں کیلئے ایپل فون کا تحفہ

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ)  چین میں ایپل فون حاصل کرنے کے لیے ایک دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں شرکا کو صرف ساکت ہوکر بیٹھنے کی ہدایت دی گئی تھی اور اس دوران وہ بولنے سمیت کوئی بھی حرکت نہیں کرسکتے تھے اور اس امتحان پر پورا اترنے والوں کو اپیل فون تحفے میں دیا گیا۔

چینی صوبے شانزی کے شہر تائی یوآن میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں 500 افراد نے حصہ لیا جس میں شرکا کو ہلنے جلنے سمیت مسکرانے تک کی ممانعت تھی،مقابلے کو ’’خواب کی جنگ‘‘ یا بیٹل آف ڈے ڈریمنگ کا نام دیا گیا تھا اس دوران بہت سے شرکا اپنے ساتھ  کھلونے لے کربیٹھے جب کہ مقابلہ منعقد کرنے والوں نے اس میں شریک افراد کےسامنے مضحکہ خیز چہرے بنانے سمیت عجیب و غریب حرکات و سکنات کیں تاکہ مقابلے میں شریک افراد کی توجہ کسی طرح ہٹائی جائے اور انہیں اس امتحان سےباہر کردیا جائے۔

چین میں ہونے والے اس دلچسپ مقابلے کو تائی یوآن یونیورسٹی کی 24 سالہ طالبہ نے جیت لیا جو 2 گھنٹے 20 منٹ تک ایک بت کی طرح بیٹھی رہی۔

دوسری جانب مقابلے کا انعقاد کرنے والے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد لوگوں کو روز کی مشقت اور بھاگ دوڑ سے فرصت دلا کر کچھ وقت آرام اور سکون مہیا کرنا ہے۔

واضح رہےکہ ایسے انوکھے مقابلوں کا انعقاد سب سے پہلے جنوبی کوریا میں کیا گیا تھا اور ان کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگوں کو شہر کی ہنگامہ خیز زندگی سے دور کرکے کچھ لمحات سکون اور مسرت کے ساتھ گزارنے کا موقع دیا جائے۔۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment