ھفتہ, 23 نومبر 2024


آئی فون X کو سرد موسم پسند نہیں

 

ایمزٹی وی(مانیڑنگ ڈیسک)آئی فون کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ایپل نے اپنا مہنگا ترین آئی فون X متعارف کرایا اور دعویٰ کیا کہ یہ اب تک کا سب سے بہترین آئی فون ہے۔ شائقین نے بھی ایپل کی بات پر یقین کیا اور شدت سے کا انتظار کرنے لگے مگر جیسے ہی لوگوں نے خریدا تو ایک کے بعد ایک خرابی سامنے آنے لگی۔
تازہ ترین انکشاف کے مطابق آئی فون X ”مراسی“ نکل آیا ہے جسے سرد موسم بالکل بھی پسند نہیں ہے کیونکہ جیسے ہی اسے کم درجہ حرارت میں لے جایا جاتا ہے تو یہ کام کرنا ہی چھوڑ دیتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صارفین نے شکایت کی ہے کہ آئی فون X کم درجہ حرارت میں اس کی سکرین صحیح طرح کام نہیں کرتی اور فون ”ہینگ“ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا زیادہ درجہ حرارت سے کم درجہ حرارت میں جانے سے ہوتا ہے جبکہ رپورٹس کے مطابق ایپل کا کہنا ہے کہ وہ سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کے ذریعے اس خامی کو دور کر دے گی۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ”ریڈ اٹ“ کے ایک صارف کا دعویٰ ہے کہ اس کا فون 7 سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر کام کرنا بند کر دیتا ہے۔
اس نے لکھا ”میں نے نوٹ کیا ہے کہ جب میں گھر سے باہر جاتا ہوں تو کم درجہ حرارت کے باعث میرا آئی فون X کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔گھر سے نکلنے کے صرف 2 سیکنڈز بعد ہی ایسا ہوتا ہے ۔ میں نے ویب سائٹس کو سوائپ کرنے کی کوشش کی مگر سکرین نے میری انگلی کو محسوس ہی نہیں کیا، کیا کسی اور کو یہ مسئلہ درپیش ہے؟“
اس کے علاوہ بہت سے دیگر لوگوں نے بھی یہ شکایت کی تاہم ان کے مطابق آئی فون X 14 سینٹی گریڈ اور بعض کے مطابق تو 20 سینٹی گریڈ پر بھی فون نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ آئی فون کو 0 سینٹی گریڈ سے 35 سینٹی گریڈ کے درمیان استعمال کیلئے بنایا جاتا ہے۔
 
ایپل کا کہنا ہے کہ ”کم اور زیادہ درجہ حرارت والا ماحول فون کے کام کرنے کے طریقہ کار پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک کمی کے باعث فون کی سکرین کچھ دیر کیلئے کام کرنا چھوڑ دیتی ہے۔ کچھ سیکنڈز کے بعد یہ دوبار ہ کام کرنا شروع کر دے گی اور سافٹ وئیر کی اگلی اپ ڈیٹ میں اس مسئلے کو حل کر دیا جائے گا۔“

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment