Print this page

ایلون مسک نےویریفائڈاکاؤنٹ ہولڈرزفیس میں کمی کردی

ویب ڈیسک: مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نےویریفائیڈ اکائونٹس کے لئے فیس میں کمی کردی۔

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم کا کنٹرول سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ ویب سائٹ پر موجود ویریفائڈ اکاؤنٹس کو ماہانہ 20 ڈالر تک فیس دینی پڑے گی، تاہم بعد ازاں انہوں نے تنقید کے بعد فیس کو کم کرکے 8 ڈالر کردیا تھا۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹوئٹر آئندہ ہفتے تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو سبسکرپشن فارم بھیجے گا اور ان سے سروس استعمال کرنے اور بلیو ٹک کے عوض ماہانہ 8 ڈالر فیس ادا کرنے کا کہے گا۔

امریکی اخبارکے مطابق یہ پہلے ہی خبریں تھیں کہ ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر 7 نومبر سے فیس عائد کی جائے گی اور اب ٹوئٹر کے متعدد ذرائع نے بتایا ہے کہ ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو 8 نومبر تک سبسکرپشن ای میل بھیج دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق صارفین کو فیس ادا کرنے یا نہ کرنے سے متعلق خود مختاری فراہم کی جائے گی اور انہیں سوچنے کے لیے چند ماہ دیے جائیں گے، تاہم ساتھ ہی انہیں بتادیا جائے گا کہ کب سے وہ فیس دینے کے پابند ہوں گے۔

اسی طرح صارفین کو بتایا جائے گا کہ انہیں 8 ڈالر ماہانہ ادا کرنے کے بعد مزید کیا کیا فوائد حاصل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر حکومتوں اور حکومتی سربراہوں اور اداروں کے اکاؤنٹس کو فیس کے بغیر ہی چلایا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ممکنہ طور پر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ جو ویریفائڈ اکاؤنٹس ماہانہ 8 ڈالر کی فیس ادا کرنے سے انکار کریں گے تو ان کا بلیوٹک نہیں ہٹایا جائے گا، تاہم ان کی ٹوئٹس اور اکاؤنٹ کو محدود کردیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن ایلون مسک واضح کر چکے ہیں کہ جو ویریفائڈ اکاؤنٹ ہولڈرز فیس ادا نہیں کریں گے، ان سے بلیو ٹک واپس لے لیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں