ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)آج کل ہر چیز کی مارکیٹنگ زوروں پر ہے۔ ایس ایم ایس مارکیٹنگ کی بات کی جائے تو اس پر تو کچھ زیادہ ہی زور نظر آتا ہے۔ تقریباً ہر فون رکھنے والے کو دن بھر کہیں نہ کہیں سے تشہیری ایس ایم ایس آتے ہی رہتے ہیں۔ فالتو ایس ایم ایس بھیجنے میں موبائل نیٹ ورک کمپنیز خود کسی سے پیچھے نہیں، دن بھر ان کے اپنے تشہیری ایس ایم ایس ناک میں دَم کر دیتے ہیں۔
ان ایس ایم ایس سے جان چھڑانے کے کئی طریقے موجود ہیں۔ موبائل نیٹ ورک کے اپنے تشہیری ایس ایم ایس بند کرنے کے لیے آپ ا±ن کی ہیلپ لائن پر بات کر کے کہہ سکتے ہیں کہ آپ کو ایسے ایس ایم ایس نہ بھیجے جائیں تو وہ آپ کے نمبر پر آئندہ کم سے کم ایس ایم ایس کریں گے۔
دیگر فالتو ایس ایم ایس کو بلاک کرنے کے لیے اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں میں پہلے سے بندوبست موجود ہوتا ہے۔ جس ایس ایم ایس بھیجنے والے کو آپ بلاک کرنا چاہیں تو اینڈروئیڈ میں اس پر ٹچ کرکے رکھیں تو ایک مینو ظاہر ہو جائے گا جس میں اس نمبر کو ”رجسٹر ایز اسپیم“ کرنے کا آپشن موجود ہو گا۔ اگر آپ کسی نمبر کو اسپیم کے طور پر منتخب کرلیں تو آئندہ اس کے ایس ایم ایس آپ کو تنگ نہیں کریں گے۔
اسی طرح کا آپشن آئی فون میں بھی موجود ہوتا ہے۔ جسے میسج بھیجنے والے کو آپ خاموش کرنا چاہیں اس کا میسج کھول کر اوپر موجود ڈیٹیلز کے بٹن پر کلک کریں۔ اگلی اسکرین پر ”ڈوناٹ ڈسٹرب“ کا آپشن موجود ہو گا جسے آپ فعال کر کے ان پیغامات سے جان چ±ھڑا سکتے ہیں۔ آئی فون میں کسی نمبر کو مکمل طور پر بلاک کرنے کا آپشن موجود ہوتا ہے۔ اس کے لیے اسی طرح نمبر کے ساتھ موجود ڈیٹیلز کے آئی کن پر کلک کریں تو ڈیٹیلز کا حصہ کھل جائے پھر سب سے آخر میں دیکھیں ”بلاک دِس کالر“ کا آپشن موجود ہو گا۔ اس طرح یہ نمبر بلاک ہو جائے گا اور آئندہ ایس ایم ایس تو کیا کال بھی نہیں کر پائے گا۔
اگر بعد میں کبھی آپ کسی نمبر کو اَن بلاک کرنا چاہیں یا تمام بلاک کیے گئے نمبرز دیکھنا چاہیں تو آئی فون کی سیٹنگز میں آجائیں۔ سیٹنگز میں آنے کے بعد فون کے آپشن میں آئیں جہاں بلاکڈ کا آپشن موجود ہو گا۔ اس پر کلک کریں تو تمام بلاک نمبرز موجود ہوں گے جنھیں یہاں سے اَن بلاک بھی کیا جا سکتا ہے۔