ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارت اپنی آبدوزوں کے بارے میں حساس معلومات کی حفاظت بھی نہ کرسکا۔ آسٹریلوی اخبار نے بھارتی آبدوزوں کا خفیہ ڈیٹا شائع کردیا، بھارتی وزیر دفاع نے تحقیقات کا حکم دے دیا خطے میں چودھراہٹ کا خواب دیکھنے والا بھارت اپنے دفاعی ساز و سامان کی حفاظت سے ہی انجان ہے ۔
بھارت کی سکورپیئن کلاس آبدوز کی دستاویز ہیک کرلی گئیں ۔ دھڑا دھڑ دفاعی ساز و سامان کے انبار لگانے میں مصروف بھارت حفاظتی اصولوں سے قطعی ناواقف نکلا ۔ انتہائی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ملک میں تیار کی جانے والی آبدوز کی تفصیلات لیک ہو گئیں ۔ 22 ہزار 4 سو صفحات پر مشتمل لیک ہونے والی دستاویز میں سکورپیئن قسم کی آبدوز کی صلاحیت کے متعلق انتہائی اہم معلومات شامل ہیں ۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کا کہنا ہے کہ معلومات ہیکنگ کا نتیجہ ہے ۔
ادھر ڈی سی این ایس کی ایک ترجمان نے معلومات کے لیک ہونے کو سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی حکام اس کی باضابطہ تفتیش کریں گے ۔ فرانس کے دفاعی کنٹریکٹر ڈی سی این ایس کے تعاون سے بھارت ممبئی کے مزگائوں بندرگاہ پر سکورپئین درجے کی چھ آبدوزیں بنا رہا ہے جس کے لیے بھارت نے فرانسیسی کمپنی سے 2005 میں ساڑھے تین ارب امریکی ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔