ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) چیرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک آزادی کو روکنے کے لئے اگر بھارت اپنی پوری فوج بھی مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر دے تو ہم ان کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقوں اسلام آباد اور پلوامہ میں احتجاجی ریلیوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 روز سے ریاست میں کرفیو کے باوجود ہمارے جوانوں نے بھارتی حکام کو بے بس کر دیا ہے، بھارتی فوج کے ہاتھوں ہمارے 6 لاکھ سے زائد کشمیری شہید، ہزاروں لاپتہ اور ہزاروں بیٹیوں کی عصمت دری ہو چکی ہے جس نے ہماری تحریک کو لازوال بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے لئے ایک لاکھ 40 ہزار نوکریاں دینے کا اعلان کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، بھارت ہمارے نوجوانوں کو خرید نہیں سکتا۔
سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ ہر آنے والے دن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جس کا مقصد ہماری جدو جہد آزادی کو کچلنا ہے لیکن میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر بھارت اپنی پوری فوج بھی جنت نظیر وادی میں تعینات کردے تو ہم ان کے سامنے جھکنے والے نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اپنی روایات کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہ بھارتی حکام کی چالوں میں آنے والے نہیں۔