اتوار, 24 نومبر 2024


لاکھوں حجاج کرام رمی جمرات میں مصروف

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) لاکھوں حجاج کرام منیٰ میں حج کے ایک اور رکن رمی جمرات میں مصروف ہیں۔

حجاج کرام نے گزشتہ روز میدان عرفہ میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا تھا جس کے بعد وہ مزدلفہ چلے گئے تھے جہاں انہوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منٰی روانہ ہوئے۔

منیٰ میں حجاج سب سے بڑے شیطان ’’جمر العقبہ‘‘ کو کنکریاں مارنے کے بعد جانور کی قربانی اور سر منڈواکر یا بال کٹواکر احرام کھول لیں گے۔ اس کے بعد مکہ مکرمہ جاکر مسجد الحرام میں عام لباس میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے اور پھر واپس منیٰ چلے جائیں گے۔ 11 اور 12 ذو الحجہ کو حجاج کرام تینوں شیاطین کو کنکریاں ماریں گے۔

سعودی حکومت نے رمی کے دوران بھگدڑ یا کسی اور حادثے سے بچنے کے لئےخصوصی انتظامات کئے ہیں۔ وزارت حج وعمرہ نے رمی جمرات کے مجموعی اوقات کو کم کرکے 12 گھنٹے کردیا ہے۔ 10 ذی الحج کے دن رمی کے اوقات میں چار گھنٹے کی پابندی ہوگی۔ آج حجاج کرام مقامی وقت کے مطابق صبح 6 سے 10:30 بجے تک رمی کا فریضہ انجام نہیں دے سکیں گے۔ 11ذی الحجہ کے دن دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک رمی کا فریضہ انجام نہیں دیاجاسکتا۔ 12 ذی الحج کو حجاج کرام پر رمی کا فریضہ ادا کرنےکے لیے صبح 10:30 سے دوپہر 2 بجے تک پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگدڑ سے 900 سے زائد حجاج شہید ہوگئے تھے جن میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment