ایمز ٹی وی(نیو یارک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے سرحدی بحران پیدا کر رہا ہے ، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دے گا ، عالمی برادری وقت گزرنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کی تردید کر دی ۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے سرحد پارشیلنگ کی جبکہ دراندازی کرنیوالے بھارتی فوجی کو بھی پکڑ لیا گیا ہے ۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر بھارت نے مسلط کی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال شیلنگ کے دو مقاصد ہیں ، ایک وہ دنیا کی توجہ کشمیر کی صورتحال سے ہٹانا چاہتا ہے ، دوسرا اندرون ملک اٹھنے والے سوالوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے ۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کئی بار بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی مگر اس نے ہر بار مذاکرات کی دعوت کو ٹھکرایا ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہیے