ایمزٹی وی(امریکا)امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے ای میل کیس کی نئی تحقیقات پر اظہار تشویش کیا ہے۔فلوریڈا میں ڈیموکریٹک پارٹی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب الیکشن میں چند روز باقی رہ گئے ہوں۔ اتنی کم معلومات پر تحقیقات کا آغاز حیران کن اور اذیت ناک ہے۔
اس کی ماضی میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ ووٹر مکمل حقائق جاننے کا حق رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای میل کیس کی نئی تحقیقات پر ایف بی آئی ڈائرکٹر جیمز کومے سے ملاقات کرکے وضاحت مانگی ہے۔
ان سے کہا ہے کہ ای میلز سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں۔ ہلیری کلنٹن پر الزام ہے کہ انہوں نے وزارت خارجہ دور میں سرکاری ای میلز کے لیے نجی ای میل اکاونٹ استعمال کیا تھا۔ ان ای میلز میں حساس معلومات کے تبادلہ سے امریکی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا۔
ایف بی آئی نے طویل تحقیقات کے بعد یہ کیس تین ماہ قبل بند کردیا تھا، تاہم دو روز قبل ان کی مشیر ہما عابدین کے سابق شوہر انتھونی وینز کے زیر استعمال ایک سرور سے ایسی ہزاروں نئی ای میلز ملی ہیں، جو ہلیری نے مختلف ادوار میں بھیجے تھے۔ اس کے بعد ایف بی آئی نے ای میل کیس کی نئی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔