ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) چین نے کہا ہے کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ( این ایس جی) میں نئے ممالک کی شمولیت کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل بھی تبدیل نہیں ہوا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ جمعہ ویانا میں منعقد ہونے والے نیوکلیئر سپلائر گروپ کے اجلاس میں مختلف معاملات پر گفتگو کی جائے گی ۔ سپلائر گروپ مین نئے ممالک کی شمولیت کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل تبدیل نہیں ہوا۔ بھارت سمیت تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ اس حوالے سے ہمارے قریبی رابطے ہیں اور بالکل کھلے انداز میں بامعنی اور واضح گفتگو اور مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی اسٹیٹ کونسلر یانگ جچی نے چین اور بھارت کے مابین سرحدی معاملات کے حوالے سے بھارتی قومی سیکیورٹی مشیر اجیت ڈوول کے ساتھ 4نومبر کو غیر رسمی طور پر گفتگو کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوستانہ طریقے سے باہمی تعلقات ، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات سمیت مشترکہ مفادات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے ایسے مسائل پر بھی گفتگو کی جو کہ باہمی تعلقات کی راہ میں سامنے آجاتے ہین اور اتفاق کیا کہ ان معاملات کو دوستانہ طریقے سے حل کرنے کے لئے مذاکرات اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔