ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) امریکا کے صدراتی انتخاب کے لیے پولنگ میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، آخری مرحلے میں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم جاری ہے۔
نئے سروےکے مطابق ہلیری کو ٹرمپ پر 4 پوانٹس کی برتری حاصل ہے۔ امریکا کے صدارتی انتخابات کےلیے پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 4 بجے سے شروع ہوگی اور کل صبح تک جاری رہے گی ۔ انتخابی مہم کے آخری روز ڈیموکریٹک اور ری پبلکن امیدواروں کی میراتھون مہم جاری ہے، ہلیری نے تین اور ٹرمپ نے پانچ ریاستوں کے طوفانی دورے کیے اور انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔مہم کےآخری روز ہلیری کی ریاست فلاڈیلفیا میں بڑی ریلی منعقد ہوئی جس میں 40 ہزار افراد نے شرکت کی۔
ریلی میں صدراوباما، مشیل اوباما اور ہلیری کے شوہر بل کلنٹن نے بھی شرکت کی۔ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے آخری روز اپنے جیٹ طیارے سے 5 ریاستوں کے دورے کیے، ان کا ہدف وہ ریاستیں تھیں جو ڈیموکریٹک پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھی جاتی ہیں۔ نئی ای میل تحقیقات کےبعد ہلیری کی مقبولیت میں جو کمی دیکھی جارہی تھی اب وہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہے، نئے جائزوں کے مطابق ہلیری کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے ۔
سروے کے مطابق ٹرمپ کےمقابلے میں ہلیری کے جیتنے کا امکان 90 فیصد زیادہ ہے، سروے کے مطابق ہلیری 303 جبکہ ٹرمپ 235 الیکٹورل کالج ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ایک امریکی ٹی وی چینل کے پول کے مطابق ہلیری کو ٹرمپ پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ ہلیری کلنٹن کو 46 فیصد جبکہ ڈونلڈ کو 42 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔