ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹ کو واپس لینے کے منصوبے کو راز رکھنا ضروری تھا، کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف مزید طریقے اپنائے جا سکتے ہیں،کسی کرپٹ کو نہیں بخشیں گے، عوام کرنسی بحران صرف 50 دن برداشت کرلیں ، اگر میں غلط ہوں تو سزا دی جائے ، 70 سال تک کالادھن بنانیوالے میری جان کے پیچھے ہیں میں ہر طرح کے نتائج کیلئے تیار ہوں ، پاکستان کا نام استعمال کرنا حکمت عملی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز گوا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ کرنسی واپسی منصوبے کو راز رکھنا ضروری تھااسے اچانک کیا جانا تھا لیکن میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ اس کے لئے مجھے دعائیں ملیں گی۔انھوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف لڑائی کے لئے مزید طریقے اپنائے جا سکتے ہیں۔انھوں نے خبردار کیا ہے کہ کرنسی نوٹ کی واپسی کی آخری تاریخ 30 دسمبر کے بعد اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ نئے طریقے نہ اپنائے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف اس مہم میں کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا لیکن ایماندار افراد کو کوئی مشکل نہیں ہوگی۔دوسری جانب وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے لوگوں سے صبر کی تلقین کی اور کہا کہ چند ہفتوں میں پرانے کرنسی نوٹ پوری طرح سے بدل دیے جائیں گے۔