ھفتہ, 23 نومبر 2024


پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملے

 

 ایمز ٹی وی(کابل) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس سٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں 16افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند مارے گئے۔ دارالحکومت کابل میں پولیس اسٹیشن اور انٹیلی جنس کے دفتر پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 16افراد ہلاک اور 35زخمی ہوگئے ،طالبان نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس سٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دی۔نائب ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔دوسرے حملے میں ایک پیدل خودکش حملہ آور نے مشرقی کابل میں واقع انٹیلی جنس کے دفتر کے باہر دھماکے سے خود کو اڑا لیا۔پبلک ہیلتھ منسٹری کے ترجمان اسماعیل خواسی کا کہناہے کہ ان دونوں حملوں میں 16افراد ہلاک اور43کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں ہونے والے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کابل پولیس سٹیشن اور انٹیلی جنس آفس میں ہونے والے خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ان حملوں کے ذریعے ایک بار پھر کابل میں دہشت اور خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ دوسری طرف صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 20شدت پسند ہلاک ہوگئے۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی کارروائی ضلع خانشین میں کی گئی جس میں طالبان کے ایک ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 20جنگجو مارے گئے۔بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں شدت پسندوں کی منشیات بھی تباہ ہوگئی۔فضائی کارروائی کے بار ے میں مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں کہ یہ کارروائی افغان فضائیہ نے کی یا امریکی فورسز نے سرانجام دی

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment