ایمزٹی وی(دبئی) پاکستان کا 77 واں یوم قرار داد پاکستان گزشتہ دنوں پاکستان سوشل سنٹر میں منایا گیا، جس میں ناردن ایمریٹس سے پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی ۔ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے ہال میں یوم قرار داد پاکستان کے موقعے پر متعدد پروگرام منعقد کئے گئے جن میں اتحاد و یگانگت پر مبنی ڈرامہ ’’ بریکنگ نیوز ‘‘ پیش کیا گیا۔یہ ڈرامہ معروف آرٹسٹ سید شرافت شاہ نے لکھا اور پیش کیا۔ ڈرامے کے تمام کردار مقامی تھے اور پہلی بار کسی سٹیج ڈرامہ میں حصہ لے رہے تھے۔ ڈرامہ کے ہدایتکار شرافت شاہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یہ ڈرامہ بطریق امن پیش کیا اور حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی
یہ ڈرامہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے فرمان’’ تنظیم ، اتحاد اور یقین محکم ‘‘ پر مبنی تھا۔ پاکستان کے 77 ویں یوم قرار داد کے موقع پر مہمان خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان کے قونصل جنرل سید جاوید حسن، ڈپٹی قونصل جنرل رانا ثمر جاوید، پریس قونصلر عاشق حسین شیخ، ویلفیئر قونصلر مزصولت ثاقب، پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین اور دیگر بہت سے لوگ موجود تھے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت اکرم شہزاد نے حاصل کی جبکہ خوشی کے اس موقع پر پاکستان ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ڈھول بھی بجائے گئے جس کی تھاپ پر لوگوں نے رقص بھی کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے قومی
ترانے بھی بجائے گئے ۔ پاکستان اسلامیہ ہائی سکول اشارجہ کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔
اس تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے انعامات اور اعزازی ایوارڈ بھی دیئے گئے۔ شارجہ سنٹر میں ہونے ولاے اس پروگرام کی سب نے بہت تعریف کی اور کہا کہ پاکستان سوشل سنٹر واحد مرکز ہے جہاں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اکٹھے ہوتے ہیں۔ لوگوں نے سنٹر کے صدر چودھری خالد حسین کی بھی تعریف کی کہ وہ مختلف حیلوں بہانوں سے پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونے کا موقع دیتے ہیں۔
چودھری خالد حسین نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ لوگوں کو اپنا سنٹر ہے جہاں وہ اکٹھے ہو کر اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ تمام اوورسیز پاکستانیز ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور مل جل کر ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹیں۔