ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن اور سابق وزیر مانی شنکر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات سے بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی جان بچ سکتی ہے۔ بھارتی اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے بھارت کی راجیہ سبھا کے رکن مانی شنکر کا کہنا تھا بھارت کو پاکستان سے مذاکرات کے لئے سگنلز دینے ہوں گے کیونکہ پاک بھارت مذاکرات سے کلبھوشن یادیو کی جان بچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رہتے تو کلبھوشن کو سزا نہ ہوتی۔ مانی شنکر کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت کے پاس بھی کلبھوشن یادیو جیسا قیدی ہو تو پاکستان سے ڈیل ہو سکتی ہے جب کہ کلبھوشن یادیو کا کیس لڑنے کے لئے پاکستان میں عاصمہ جہانگیر یا اعتزاز احسن جیسے وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے 2 روز قبل بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی تھی جس کے رد عمل میں بھارت نے پاکستان کی دو خواتین قیدیوں کی رہائی آخری مراحل میں روک دی تھی جب کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ کلبھوشن کی رہائی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔