ایمزٹی وی(پیرس)پیرس ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا اور حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم شخص نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ دیا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا جب کہ داعش نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے عوام کو جائے وقوعہ پر جانے سے روک دیا ہے جب کہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
فرانسیسی صدر نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیرس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔