ایمز ٹی وی(نئی دہلی) دنیا بھر میں گزشتہ سال دفاع کے شعبہ پر اخراجات میں امریکا سرفہرست جب کہ بھارت پانچویں نمبر پر ہے اور پاکستان ابتدائی 15 ممالک میں بھی شامل نہیں۔
سوئیڈن کی اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے دنیا بھر کے ان 15 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس نے گزشتہ سال اپنے دفاعی اخراجات میں ملکی جی ڈی پی کا ایک بھاری حصہ خرچ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ایشیا، وسطی اور مشرقی یورپ اور شمالی افریقا کے مقابلے میں امریکا، مشرق وسطیٰ اور سب سہارا افریقی کے ملک تیزی سے دفاع پر ملکی جی ڈی پی کا خاطر خواہ حصہ خرچ کر رہے ہیں۔
دفاعی اخراجات کی فہرست میں چین جی ڈی پی کے 13 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جس نے گزشتہ سال 5.4 اضافہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ملکی جی ڈی پی کے حساب سے سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والے ممالک میں روس 4.1 فیصد کے ساتھ تیسرے، سعودی عرب 3.8 فیصد کے ساتھ چوتھے اور بھارت 3.3 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جس نے گزشتہ سال دفاعی اخراجات میں 8.5 فیصد اضافہ کیا اور 2016 میں بھارت نے 55.9 بلین امریکی ڈالر دفاع پر خرچ کئے۔
فہرست میں فرانس 3.3 فیصد دفاعی اخراجات کے ساتھ چھٹے، برطانیہ ساتویں، جاپان، آٹھویں، جرمنی نویں، جنوبی کوریا دسویں، اٹلی گیارہویں، آسٹریلیا بارہویں، برازیل تیرہویں، متحدہ عرب امارات چودہویں اور اسرائیل 1.1 فیصد کے ساتھ پندرہویں نمبر پر ہے۔ مذکورہ 15 ممالک کے علاوہ دنیا بھر کے دیگر ممالک اپنے جی ڈی پی کا 19 فیصد حصہ دفاعی اخراجات پر صرف کرتے ہیں اور پاکستان کا شمار بھی اسی 19 فیصد میں ہے۔