ایمزٹی وی (نئی دہلی)وزیر خارجہ سشما سوراج نے علاج کی غرض سے بھارت آنے کے خواہاں پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا۔ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی شہری جو علاج کی غرض سے بھارت آنا چاہتے ہیں اور ان کی درخواستیں زیر التوا ہیں انہیں ویزے جاری کردیے جائیں گے بشرطیکہ ان کا کیس مضبوط ہونا چاہیے۔ سشما سوراج نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کو بھی ٹیگ کیا۔
On the auspicious occasion of India's Independence day, we will grant medical visa in all bonafide cases pending with us. @IndiainPakistan
— Sushma Swaraj (@SushmaSwaraj) August 15, 2017
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کینسر کی شکار ایک پاکستانی خاتون فائزہ تنویر نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی تھی کہ انہیں سرجری کی فوری ضرورت ہے لہٰذا انہیں بھارت کا ویزہ جاری کیا جائے جس کے بعد سشما سوراج نے ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ گزشتہ ماہ بھارتی وزیر خارجہ نے 4 سالہ پاکستانی بچے کو بھی ویزہ جاری کیا تھا جس کی دل کی سرجری ہونی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں وقتاً فوقتاً آنے والی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔