ھفتہ, 23 نومبر 2024


بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے

 

ایمزٹی وی(نیویارک)پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے اور اس مسئلے کو حل کئے بغیر اقوام متحدہ کا نو آبادیاتی نظام کے خاتمے کا ایجنڈا ادھورا رہے گا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت ڈھونگ انتخابات کے لئے وحشیانہ تشدد کے تمام ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے تاکہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم اور کشمیر پر غیر قانونی تسلط برقرار رکھ سکے۔
جنرل اسمبلی میں خصوصی سیاسی اور نو آبادیات کے خاتمے کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
پاکستانی مندوب نے مقبوضہ کشمیر میں پرامن مظاہرین کے خلاف چھروں والی بندوق کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیر کی نوجوان نسل پوری زندگی کےلئے بصارت سے محروم ہورہی ہے، ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی کا مقصد کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبانا ہے۔
ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے جبکہ کشمیر کے دیرینہ تنازع کے مستقل پرامن حل کے بغیر اقوام متحدہ کا نو آبادیاتی نظام کے خاتمے کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment