ایمز ٹی وی (بین الا قومی)روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا میں ایک بھورا ریچھ شکاری کی دو بندوقیں اٹھا کر فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ریچھ کی تلاش شروع کردی۔
یہ واقعہ سائبیریا کے علاقے ارکوتسک میں پیش آیا جہاں آبادی سے میلوں دور ایک نامعلوم 57 سالہ شکاری گھنے درختوں کے درمیان بنے لکڑی کے گھر میں ٹہرا ہوا تھا، وہ پانی لینے کے لیے باہر نکلا واپس آکر دیکھا تو معلوم ہوا کہ ایک ریچھ وہاں موجود ہے جسے دیکھ کر شکاری قریبی درختوں میں چھپ گیا اور گھبراہٹ میں اس کی دو بندوقیں بھی وہیں رہ گئیں۔
بعدازاں کئی روز تلاش کے باوجود اس کے دو ہتھیار ویپر کاربائن اور آئی زی ایچ شاٹ گن نہیں مل سکیں کچھ روز بعد اس نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی جس کے بعد پولیس نے مسلح ریچھ کی تلاش شروع کردی۔ یہ واقعہ 16 نومبر کو پیش آیا اور شکاری کے مطابق اس کا سارا سامان لکڑی کی کٹیا میں تھا۔
شکاری نے بتایا کہ واپسی پر اس نے گھر میں ریچھ کو دیکھا جسے دیکھ کر وہ باہر بھاگا، ریچھ کے روانہ ہونے کے بعد اس نے دیکھا کہ ریچھ نے پلاسٹک کی بالٹی چبائی ہوئی تھی اور لکڑی کی دیواروں پر پنجے کے نشانات تھے۔ شکاری نے زور دے کر کہا ہے کہ چور ریچھ نے ہی اس کے ہتھیار ہتھیائے ہیں۔
خیال رہے کہ روس میں ہر سال نومبر کے مہینے میں ریچھ کے شکار کے محدود اجازت نامے دیے جاتے ہیں اور سائبیریا میں ان کا شکار کھیلا جاتا ہے۔
سائبیریا کا سرد ترین خطہ معدوم شدہ بالوں والے قدیم ہاتھیوں کے فوسلز، تنگوسکا جنگل میں شہابِ ثاقب گرنے کے عجیب واقعے اور خون جما دینے والی سردی کی وجہ سے مشہور ہے، اس علاقے میں کئی برفانی جانور بھی پائے جاتے ہیں جن میں بھورے بھالو سرِفہرست ہیں۔