ھفتہ, 23 نومبر 2024


مسجد الحرام میں اعتکاف کی تیاریاں مکمل

 

ایمزٹی وی(ریاض)پاکستان اورسعودی عرب سمیت دنیا کےاکثر ممالک کےمسلمان آج سے اعتکاف کریں گے،اس سلسلے میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ نےزائرین کی سہولت کے لئے خصوصی ہدایات بھی جا ری کی ہیں جبکہ مسجد الحرام میں زائرین کو سامان رکھنے کیلئے لاکرز بھی مہیا کر دیئے ہیں ۔ ان لاکرز کے نمبر خفیہ ہیں، اعتکاف میں بیٹھنے والے ان میں اپنی قیمتی اشیاء رکھ سکتے ہیں۔ان لاکرز میں موبائل چارج کرنے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تکیہ، گدا، چادریں اور صفائی کے لوازمات معتکفین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔مسجد الحرام میں اعتکاف کیلئے شاہ فہد کے توسیعی منصوبے کے تہہ خانے میں بندوبست کیاگیا ہے۔ جہاں سامان لیجانے کیلئے 75، 76، 77، 81، 82اور 83نمبر کے گیٹ مختص کئے گئے ہیں، ان دروازوں پر معتکفین کو کارڈ اور پمفلٹ بھی پیش کئے جائیں گے، یہ کام دروازوں کے انچارج سر انجام دینگے جبکہ 1500افراد تہہ خانے میں اعتکاف میں بیٹھیں گے۔
مسجدالحرام کی انتظامیہ نے زائرین اور معتکفین سے کہا ہے کہ وہ مسجد الحرام کے صحن ، راہداریوں اور گزر گاہوں میں بستر نہ لگائیں، اس عمل سے آنے جانے میں دشواری پیش آتی ہے جبکہ خود بستر لگا کر سونے والوں کی بیحرمتی بھی ہوتی ہے۔ یہ اپیل حالیہ ایام کے دوران حرم شریف میں بڑے پیمانے پر بستر رواج پھیل جانے کے تناظر میں جاری کی گئی ہے۔
اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے نگراں ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، تمام زائرین ان سے تعاون کریں اور انہیں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ پیدا کریں اور اس حوالے سے کسی بدگمانی میں مبتلا نہ ہوں، اس سب ہدایات کا بنیادی مقصد آرام و راحت اور سکون و یکسوئی کے ساتھ عبادت، تلاوت ، تراویح ، طواف اور صفا و مروہ کی سعی میں سہولت مہیا کرنا ہے۔
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد نبویؐ میں معتکفین کیلیے مختص جگہوں کا دورہ کیا جب کہ مسجد نبویؐ کی چھت پر 10 ہزار معتکفین کیلئے جگہ مختص کی گئی۔
گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور معتکف حضرات کو تمام سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت جاری کی، دورے کے آخر میں شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں اعتکاف کرنے والوں کیلئے نئی جگہ مختص کرنے سے کئی منفی پہلو کا خاتمہ ہوگا۔
اس سے قبل معتکفین اپنا سامان مسجد نبویؐ میں لے جاتے تھے، غیر منظم طریقے سے سامان رکھا جاتا تھا، جہاں جگہ ملتی وہاں سو جاتے تھے، اس سے زائرین مسجد نبویؐ کو مشکل پیش آتی تھی، اس تمام مشکلات پر قابو پانے کیلئے مسجد نبویؐ کی چھت کا ایک حصہ معتکفین کیلئے مختص کر دیا گیا ہے جہاں ان کی ضروریات کے مطابق سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment