ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) برطانیہ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد پر لندن سمیت برطانیہ میں کشمریوں اور پاکستانی کمیونٹی نے مظاہرے کئے۔سب سے بڑا مظاہرہ برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر کیا گیا جس میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کےعلاوہ بھارتی سکھوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اس موقع پر کشمیر اور خالصتان کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی کے انتطامات کئے گئے تھے۔ جیسے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کا قافلہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچا، فضاء مودی شیم شیم کے نعروں سے گونج اٹھی۔مظاہرین وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے خلاف بھی نعرے بازی کرتے رہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر نے بھی مظاہرے میں حصہ لیا، وہ سکھوں کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوئے۔بھارتی وزیر اعظم کی آمد پر برطانیہ میں رہنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بھرپور احتجاج کر کے نہ صرف یکجہتی کا ثبوت دیا بلکہ سکھ کمیونٹی کے تعاون سے بھارتی انتہاء پسندوں کو بھی سخت پیغام دیا ہے۔