ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)25 سال بعد ترکمانستان،افغانستان، پاکستان اور انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس پائپ لائن کے ذریعے افغانستان کو 500 ملین کیوبک فیٹ یومیہ ، پاکستان کو ایک ارب 32کروڑ اور ہندوستان کو بھی ایک ارب 32 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ گیس ملے گی، ہندوستان سالانہ 200 تا 250 ملین ڈالر ٹرانزٹ فیس پاکستان کو ادا کرے گا، پاکستان یہی رقم بطور ٹرانزٹ فیس افغانستان کو ادا کردے گا، اس منصوبے کی سالانہ گیس فراہمی کی استطاعت 33 ارب معکب میٹر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں تاپی گیس منصوبے کو خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن قرار دیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے چاروں ممالک میں تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ تاپی منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔واضح رہے کہ ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے گزشتہ ماہ اندرون ملک گیس پائپ لائن کی تعمیر کے احکامات جاری کیے تھے۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں میزبان ترکمانستان کے صدر قربان علی محمدوف، افغانستان کے صدر اشرف غنی، پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری نے شرکت کی۔
Leave a comment