ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ترکی نے عراق سے اپنی فوجیں واپس بلانےکااعلان کردیا۔ امریکی صدر باراک اوباما نےگزشتہ روز ترکی سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکی نے شمالی عراق سے اپنی فوجیوں کی واپسی کا عمل شروع کردیا ہے اور موصل میں تعینات ترک فوجیوں کو پہلے ہی واپس بلا لیا گیا ہے۔ معاملے کی سنجیدگی کے باعث ترک فوجیوں کی واپسی کا عمل جاری رہے گا۔
شمالی عراق میں تقریبا ڈیڑھ سو ترک فوجی اہلکار تعینات ہیں جو عراقی سیکیورٹی فورسز کو تربیت فراہم کر رہےہیں۔ تاہم عراق نے ترکی سے اپنی فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا اور اس معاملے پر ترکی اور عراق کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے گزشتہ روز ترک ہم منصب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے فوج واپس بلانے اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی تھی۔