ایمزٹی و ی (انٹرنیشنل) مناما سعودی عرب کے نقشِ قدم پربحرین نے بھی ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے ہیں۔ ایران نے سعودی عرب میں شیعہ عالم شیخ النمر کی سزائے موت پرانتہائی سخت موقف کا اظہارکیا تھا اور تہران میں مشتعل ہجوم نے سعودی سفارت خانے کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد سعودی عرب نے ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے۔ بحرین کی خبررساں ایجنسی کے مطابق بحرین کی حکومت نے ایرانی سفارت کاروں کو 24 گھنٹے کے اندر مملکت سے نکل جانے کا حکم صادرکیا ہے۔ بحرین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سعودی سفارت خانے پرحملے اور عرب ممالک میں تہران کی بڑھتی ہوئی دخل اندازی کے سبب لیا گیا ہے۔ بحرین کی وزارتِ خارجہ نے ایرانی سفارت خانے کے ناظم الامورمرتضیٰ صنوبری کو طلب کرکے تحریری طور پرحکومتی فیصلے سے آگاہ کیا۔ کہا جارہا ہے کہ بحرین کی جانب سے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے سے سعودی عرب اورایران کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ سعودی نژاد عالمِ دین شیخ النمراپنےجمہوری نظریات کے سبب بحرین کے نوجوان حلقوں میں بے پناہ مشہورتھے۔ شیخ نمرالنمر کو 2011 میں سعودی حکومت نے شاہی خاندان پر تنقید کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اوردودن قبل انہیں دہشت گردی میں ملوث مجرمان کے ہمراہ سزائے موت دی گئی تھی۔
Leave a comment