ھفتہ, 23 نومبر 2024


صدر اوباما کا گن سیفٹی کنٹرول پر نئی حکمت عملی کا اعلان

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)واشنگٹن امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس کی مخالفت کے باوجود خصوصی اختیارات کے تحت اسلحے کی فروخت کے حوالے سے نئے قوانین کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکا میں معصوم بچوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے صدر اوباما کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ امریکا میں بڑھتے ہوئے شدت پسندی کے واقعات کے سد باب کیلئے امریکی صدر براک اوباما نے اسلحے کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے سلسلے میں صدارتی حکم نامے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اسلحہ خریدنے والوں کی زیادہ جانچ پڑتال کی جاسکے گی۔ صدر اوباما کے مطابق اسلحہ فروخت کرنے والوں کے پاس لائسنس ہونا چاہئیے جبکہ خریداروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی جس کیلئے ایف بی آئی میں اضافی اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔ نئے قوانین کے تحت وزارت دفاع، انصاف اور ہوم لینڈ سیکورٹی سمارٹ گن ٹیکنالوجی میں اسلحے کی سیفٹی میں اضافے کے طریقے تلاش کریں گے تاکہ بچے اسلحے کا استعمال نہ کر سکیں۔ اپنے خطاب کے دوران امریکا میں بچوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے صدر اوباما کی آنکھیں بھی بھر آئیں جبکہ دہشت گردی کے دیگر واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تمام مذاہب کو امریکا میں آزادی اورحفاظت کے ساتھ عبادت کی اجازت کا حق بھی یاد دلایا۔ صدر اوباما کے مطابق نئے قوانین میں کانگریس سے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کیلئے پچاس کروڑ امریکی ڈالر کی منظوری کا بھی کہا جائے گا ۔ دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو نے صدر اوباما کی اقدامات کی شدید مخالفت کی ہے۔ اسلحے کے خریدو فروخت کے حوالے سے صدر اوباما کے نئے اعلانات پر امریکا بھر کے اسلحہ ڈیلر شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ اسلحہ رکھنا ہر امریکی کا قانونی حق ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment