ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) افغانستان میں طالبان نے بھی ملامنصور اختر کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو طالبان کا نیا امیر مقرر کرلیا ہے۔ افغانستان میں طالبان تحریک نے ایک باضابطہ بیان میں اپنے امیر ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مولوي ہیبت اللہ اخونزادہ کو نیا امیر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک طالبان کی رہبری شوری کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں تحریک کا کہنا ہے کہ ملا اختر منصور کی موت جنوبی افغانستان کے صوبہ قندہار کے ریگستان اور پاکستان کے صوبے بلوچستان کے نوشکی کے سرحدی علاقے میں ہوئی۔ مولوی ہیبت اللہ ملا اختر منصور کے نائب تھے اور شوری نے بظاہر حقانی نیٹ ورک کے سراج الحق کی جگہ ہیبت اللہ کو ترجیع دی ہے شوری نے ملا عمر کے صاحبزادے مولوی یعقوب کو ہیبت اللہ کی جگہ نائب امیر مقرر کیا ہے امریکی صدر براک اوباما افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کو افغانستان میں قیامِ امن کی دیرینہ کوششوں کے سلسلے میں اہم سنگِ میل قرار دے چکے ہیں۔