اتوار, 24 نومبر 2024


دنیا کی سب سے لمبی اور گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی سب سے لمبی اور سب سے گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح ہوگیا، ستاون کلومیڑطویل سرنگ شمالی اورجنوبی یورپ کو ملائے گی۔ گوٹہارڈ ریل لنک نامی سرنگ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ سے لے کر لوگانو تک بنائی گئی ہے، سرنگ کی تعمیربیس سال میں مکمل ہوئی، سرنگ الپس کے پہاڑی سلسلے سے گزرے گی۔ سوئٹزر لینڈ میں تیار کی گئی دنیا کی سب سے لمبی اور سب سے گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح ہوگیا ، سرنگ کی تعمیر پر 12 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئی ہے ۔ سرنگ کی تیاری میں 2600 مزدوروں نے حصہ لیا ۔ اس دوران حادثات میں نو مزدور ہلاک بھی ہوئے۔ سوئس حکام کا کہنا ہے کہ اس سرنگ سے یورپ کی مال برداری کے میدان میں انقلاب آئے گا ،جرمن چانسلر اینجلا میرکل ، فرانسیسی صدر فرینکوئس اولاند ، اٹلی کے وزیرِ اعظم میٹیو رینزی سمیت یورپ کے کئی رہنما سرنگ کا دورہ کریں گے۔ سن 1992 میں سوئس لوگوں نے ووٹنگ کے ذریعے ایلپس کے آر پار ایک ہائی سپیڈ ریل کے منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔لیکن اس منصوبے کی راہ میں کئی چیلنج حائل تھے۔ اس سرنگ نے لمبائی میں جاپان کی سائیکان سرنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جس کی لمبائی 53.9 کلو میٹر ہے۔ اسی طرح 50.5 کلو میٹر لمبی سرنگ یورو ٹنل جو برطانیہ کو فرانس سے ملاتی ہے اب تیسرے نمبر پر آ جاتی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment