اتوار, 24 نومبر 2024

ایمزٹی وی(بزنس)نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی بنچ مارک ڈبلیو ٹی آئی کے اگست کے سودے دو ڈالر پانچ سینٹ کمی سے چوالیس ڈالر پچھہتر سینٹ فی بیرل میں ہوئے۔ ادھر یورپی منڈی میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت دو ڈالر اکیس سینٹ کمی سے چھیالیس ڈالر چھبیس سینٹ فی بیرل ہو گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں استحکام کی وجہ سے قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان جاری ہے

ایمز ٹی وی (تجارت) یورپی یونین ممالک اور برطانیہ کو پاکستان سے آم کی ایکسپورٹ با اثر اور بڑے فارم مالکان کی اجارہ داری کا شکار ہوگئی ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی آم کی کنسائمنٹ میں فروٹ فلائی کی موجودگی پر انتباہ کے بعد پاکستان میں فروٹ فلائی سے پاک باغات کی رجسٹریشن اور ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کو لازمی قرار دیا گیا تاہم دونوں کڑی شرائط پوری کیے جانے کے باوجود پاکستان یورپی ممالک میں اپنا مارکیٹ شیئر حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ سال 2013 تک پاکستان یورپی ملکوں اور برطانیہ کو 15ہزار ٹن آم برآمد کررہا تھا جو پابندی کے خدشے کے باعث متعارف کرائے جانے والے طریقہ کار کی وجہ سے کم ہوکر2014 میں 4ہزار ٹن اور 2015 میں 6ہزار ٹن رہی۔ دوسری جانب پاکستان میں یورپی یونین اور برطانیہ کو ایکسپورٹ کے لیے رجسٹرڈ باغات ایکسپورٹ کے لیے خدشہ بن گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رجسٹر کیے جانے والے باغات میں سے بیشتر بااثر افراد اور سیاسی شخصیات کی ملکیت ہیں جن کی سندھ اور پنجاب میں تعداد 150کے قریب بتائی جاتی ہے۔ آم کی تجارت سے وابستہ افراد کے مطابق رجسٹرڈ باغات نے اپنی مناپلی قائم کرلی ہے اور رجسٹرڈ باغات کے مالکان دیگر باغات کے مقابلے میں75فیصد تک زائد قیمت طلب کررہے ہیں۔ یورپ اور برطانیہ کو آم ایکسپورٹ کرنے والے برآمد کنندگان کو رجسٹرڈ باغات کے مالکان کی بلیک میلنگ کا سامنا ہے۔ اس بارے میں ایکسپورٹرز نے بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ باغات کے مالکان آم کی من مانی قیمت طلب کررہے ہیں حالانکہ ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کی شرط کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد رجسٹرڈ باغات سے حاصل کیے گئے آم ایکسپورٹ کرنے کی شرط بلاجواز ہے۔

ایمز ٹی وی (تجارت) جون میں عالمی بینک پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے سکتا ہے ۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق جون میں ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دی جا سکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق منظور ہونے کی صورت میں قرض کی رقم ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر کرتے ہوئے سرمایا کاری کے فروغ اور مالیاتی نظم و ضبط کی بہتری کے لیے استعمال کی جائے گی ۔ ورلڈ بینک کے مطابق مالیاتی امور بہتر ہونے کی صورت میں ایک طرف تو حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہو گی تو دوسری جانب سرکار کو بینکوں سے کم قرضہ لینا پڑے گا ۔ حکومت کا بینکوں پر انحصار کم ہونے کی صورت میں نجی شعبے کو سستا قرض بھی مل سکے گا ۔

ایمز ٹی وی( انٹرنیشنل) سعودی عرب میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 12افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر جوبیل میں پٹرولیم مصنوعات بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں12 افراد ہلاک ہوگئے، جوبیل کے صنعتی زون کے ترجمان عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی اس وقت ہوئی جب یہاں بحالی کا کام جاری تھا، واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کیمیکلز سے جھلس کر ہلاک ہوئے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں فیکٹری کے11 ملازمین زخمی بھی ہوئے جن میں سے6 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بیشتر صنعتی لیبر غیر ملکی ہے۔

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور کے علاقے ہنجروال میں لوگوں نے نہر کنارے اوور ہیڈ پل پر مشکوک بالٹی کی موجودگی پر پولیس کو اطلاع دی ۔ گشت پر مامور پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ جس نے بم کو ناکارہ بنادیا۔ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم اب تک کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ بالٹی میں موجود بم دیسی ساختہ اور اس کا وزن 10 کلو گرام سے زائد تھا اور اسے مزید تباہ کن بنانے کے لئے اس میں بڑی مقدار میں بال بیئرنگ رکھے گئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا جانا تھا اور اس کا مقصد ممکنہ طور پر سیاسی اور پولیس افسران کو نشانہ بنایا جانا تھا کیونکہ اتنے زیادہ بارودی مواد کے ذریعے کئی گاڑیوں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا جاسکتا ہے

ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسوں کا عالمی دن آج منایا جارہاہے یہ دن نرسنگ کے شعبے کی بانی فلورنس نائٹ اینگل کی یاد میں دنیا بھر میں منایاجاتا ہے جب کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں ایک کروڑ 80 لاکھ 28 ہزار917 نرسیں خدمت انسانی کے جذبے کے تحت دنیا کے مختلف اسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں اوروطن عزیز میں313 مریضوں کے لئے ایک نرس کام کررہی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق 69 لاکھ 41 ہزار698 نرسوں کے ساتھ یورپ سرفہرست جب کہ 40 لاکھ 95 ہزار 757کے ساتھ براعظم امریکا  دوسرے، 34 لاکھ 66 ہزار 342 کے ساتھ مغربی بحرالکاہل تیسرے‘19 لاکھ 55 ہزار 190 کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیا چوتھے، 7 لاکھ 92 ہزار 853 کے ساتھ افریقہ پانچویں نمبر پر ہے، عالمی ادارہ برائے صحت کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ نرسیں امریکا میں ہیں جہاں 26لاکھ 69ہزار 603 نرسیں مختلف اسپتالوں میں موجود ہیں، اکنامک سروے آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 62 ہزار 651 نرسیں ہیں۔

 

پاکستان نرسنگ کونسل کے مطابق ملک میں نرسنگ کی بنیادی تربیت کے لیے چاروں صوبوں میں162 ادارے قائم ہیں، ان میں سے پنجاب میں 72، سندھ میں 59، بلوچستان میں12 جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نرسنگ کے19 ادارے قائم ہیں، اداروں سے سالانہ 1800 سے 2000 رجسٹرڈ خواتین نرسز، 1200 مڈ وائف نرسیں اور تقریباً 300 لیڈی ہیلتھ وزٹر میدان عمل میں آتی ہیں،نرسنگ کے شعبے میں ڈپلومہ اور ڈگری پروگرام پیش کرنے والے اداروں کی تعداد صرف5 ہے۔

 

ماہرین طب کے مطابق پاکستان میں نرسنگ کا شعبہ بے پناہ مسائل کا شکار ہے،نرسوں کے لیے ڈاکٹروں کی طرح ڈیوٹی کی تین شفٹیں رکھی گئی ہیں جن کا دورانیہ کم و بیش سولہ گھنٹے ہوتا ہے اور حادثاتی صورت حال کے پیش نظر نرسوں کو اکثر و بیشتر اووَر ٹائم بھی لگانا پڑتا ہے مگر ان کو اس کی کوئی اْجرت نہیں دی جاتی ۔

 

گزشتہ چند برسوں کے دوران نرسوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ نرسوں کے ساتھ نہ صرف مرد ڈاکٹر اور بعض اوقات مریض بدسلوکی کرتے ہیں بلکہ ساتھی خواتین نرسیں بھی کسی سے پیچھے نہیں،گزشتہ نصف دہائی کے دوران سالانہ اوسطاً 13 نرسوں کی عصمت دری کی گئی، واضح رہے کہ یہ ایسے واقعات ہیں جو رپورٹ ہوئے اور ان کے حوالے سے کچھ کارروائی بھی کی گئی، متعدد ایسے واقعات ہیں جن میں متاثرہ نرسوں کواپنی نوکری بچانے کے لیے خاموشی اختیار کرنے پر مجبور کیا گیا۔