Reporter SS
ایمزٹی وی(لاہور) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے اور گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران پاکستان کے کئی شعبوں میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں معیشت مضبوط ہوئی ہے اور سرمایہ کاری کیلئے فضا سازگار ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں سے ملک میں ترقی کا عمل تیز ہوا ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی لیکن عوام نے ان کے عزائم کو ناکام بنایا اورعوام کی ترقی کے مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت احتجاج یا افراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہوگی۔ انتشار کی سیاست کرنے والے آج تنہا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور پاکستان میٹروبس سروس سے روزانہ لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں جبکہ ملتان میں بھی میٹروبس سروس جلد شروع ہو رہی ہے جس سے جنوبی پنجاب کے عوام کو فائدہ ہو گا اور انہیں عالمی معیار کی سفری سہولتیں ملیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے اورملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کریں گے ۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان سمیت 8دہشتگردوں کی سزائے موت اور3کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 8دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کردی ہے،3دہشتگردوں کو عمر قید کے پروانے پر بھی دستخط کردیے ہیں،سزا پانیوالوں میں سماجی کارکن سبین محمودکے قتل،سانحہ صفورا کے ذمہ دار افراد شامل ہیں،دہشتگردوں میں حافظ محمدعمر، علی رحمان عبدالسلام،خرم شفیق، شامل ہیں، چینی انجینیرز 'قانون نافذکرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشتگرد مسلم خان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا،دہشتگرد مسلم خان نے2چینی انجینیرزکو بھی تاوان کےلیے اغوا کیا، 4سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے میں ملوث ہے، مسلم خان ایک کالعدم تنظیم تحریک طالبان کا ترجمان ہے، چاروں دہشتگردوں نے مجسٹریٹ اورعدالت کےسامنے جرم کا اعتراف کیا، یہ چارروں دہشت گرد سبین محمود کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 20سال قیدبامشقت پانیوالے محمودخان چینی انجینیرزکے اغوا ،عمر قید پانے والا سرتاج علی دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے، دہشتگرد بلال محمودقانون نافذکرنیوالے اداروں کے اہلکاروں پرحملے ،دہشتگرد سیف اللہ شہریوں اورپولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے، دہشتگردمحمدیوسف ایک کالعدم تنظیم کارکن ہے۔ان دہشتگردوں کے حملوں میں 90افراد جاں بحق جبکہ99افراد زخمی ہوئے۔
#COAS confirmed death sentence of 8 Ts, 3 others awarded imprisonment. Convicts involved #Safoora, #Sabeen, #Chinese Engrs & LEAs pers
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 28, 2016
ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی بتائیں نوٹ بندی کے باعث 8نومبر سے اب تک کتنے لوگ جان سے گئے ؟
کانگریس کی یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ مودی اکاونٹس میں 24ہزار روپے رکھنے کی شرط ختم کریں ، اور رقم نکالنے پر عائدپابندی بھی ہٹائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مودی عوام کو مالی آزادی دیں ، کرنسی بندش سے متاثر کسانوں کے قرضے معاف کریں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں کامران اکمل کی شمولیت کیلئے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہو سکا ہے اور دو سے تین روز میں اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے
تفصیلات کے مطابق کینگروز کیخلاف ون ڈے اسکواڈ میں کامران اکمل کی شمولیت کیلئے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہو سکا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ ون ڈے سکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سویپ کرنے والی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں چاہتی۔ ذرائع کے مطابق اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گرین سگنل سے ہی کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت ممکن ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے ایک بالر کی تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے اور اس کیلئے جنید خان، محمد عرفان اور سہیل تنویر کے نام سامنے آئے ہیں تاہم ایک سے دو روز میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا اور 2 سے 3 روز میں سکواڈ کا اعلان بھی متوقع ہے۔
ایمزٹی وی(تجارت)اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قدر میں 10پیسے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد اس کی قیمت 108روپے 65پیسے ہو گئی ہے ۔
تفصیل کے مطابق بدھ کے روز اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 10پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت خرید 108روپے 10پیسے جبکہ قیمت فروخت 108روپے 65پیسے ہو گئی ہے ۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہ ہوا اور اس کی قیمت خرید 104روپے 40پیسے جبکہ قیمت فروخت 104روپے 60پیسے کی سطح پر مستحکم ہے ۔
ایمزٹی وی(پشاور)خیبر پختونخوا حکومت نے سی پیک منصوبے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا ذرائع مطابق عمران خان کی پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے زیر حکمرانی صوبہ خیبر پختونخوا نے پاک چین دوستی کی مثال سی پیک منصوبے سے متعلق امور کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے اور تمام محکموں کوپابند کر دیا ہے کہ سی پیک سے متعلق امور سے سیل کومطلع کیا جائے ۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سی پیک سے متعلق تمام پیش رفت سی پیک سیل کے ذریعے ہو گی اور ماہانہ جائزہ میٹنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہو گی ۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات بطور سی پیک سیکرٹریٹ کام کر ے گا ۔
ایمزٹی وی(لاہور) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صاف پانی پروگرام میں غفلت ،نااہلی اور بے ضابطگیوں کی شکایات پر پنجاب صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل کو معطل کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صاف پانی پروگرام میں غفلت ، نااہلی اوربے ضابطگیوں کی شکایات پر صاف پانی کمپنی کے اعلی افسر کرنل (ر) مقبول کو ملازمت سے برطرف جب کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل اورچیف پروکیورمنٹ آفیسر شبنم کو معطل کرتے ہوئے معاملہ محکمہ انسداد بدعنوانی کے سپرد کردیا ہے۔
وزیر اعلی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،سینئرافسر احد چیمہ اور دیگر اعلی حکام شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی کی سربراہی چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں تحقیقات کرکے اپنی حتمی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔
اس معاملے پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی پروگرام کے امور میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرکے صوبے کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو نااہلی ،کوتاہی اوربے ضابطگیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے، جس بے دردی سے وسائل ضائع کیے گئے ہیں وہ ناقابل معافی ہے، ذمہ داروں نے حکومت پنجاب اورصوبے کے عوام کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ جن افسروں نے غفلت،نااہلی اوربے ضابطگیوں کا مظاہرہ کیا ہے انہیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔ جن کی وجہ سے مفاد عامہ کا یہ بڑا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔
ایمزٹی وی(لاہور) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت مخالف تحریک کے لئے سینئر رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی۔ بلاول بھٹو نے پنجاب میں جلسوں کا شیڈول بھی مانگ لیا۔ حکومت مخالف تحریک میں پہلے مرحلے کے تمام جلسے وسطی پنجاب کےبڑے شہروں میں ہوں گے بعد میں پنجاب کے دیگر شہروں میں جلسے ہوں گے۔
تحریک کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب چند دنوں میں جلسوں کے مقام اور تاریخ کا فیصلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو نے رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدیات کی ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان ہو چکا ہے اب 15 روز میں تنظیم سازی کر کے اگلے الیکشن کی تیاری کی جائے۔
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے پر رہنے کا حکم امتناعی جاری کردیا ۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ کی جبری رخصتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اے ڈی خواجہ اچھی شہرت کے حامل آفیسر ہیں، انہوں نے محکمہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کیں، انہیں میرٹ پر کام کرنے کی وجہ سے ہٹا کر جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔
عدالت عالیہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے پر رہنے کا حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت اور اے ڈی خواجہ کو نوٹس جاری کردئیے، کیس کی مزید سماعت 12 جنوری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ اللہ ڈنو خواجہ گزشتہ 8 ماہ سے سندھ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر فائز تھے لیکن اس دوران ان کے چند معاملات پر پیپلز پارٹی کی قیادت سے اختلافات ہوگئے جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر جبری چھٹیوں پر بھجوا دیا دیا گیا جب کہ ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو آئی جی کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے چار جامعات کے قائم مقام وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ ڈاکٹر مجاہد کامران پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے سے فارغ ہو گئے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزارنے پنجاب حکومت کی جانب سے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے اختیار کو چیلنج کیا تھا ۔
عدالت عالیہ نے اس موقف کو درست قرار دیتے ہوئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو وائس چانسلرز کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے تھے اور سرچ کمیٹی کی سفارشات پر سینئر پروفیسرز کو قائمقام وائس چانسلرز تعینات کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد بالآخر عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد ہو ہی گیا اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 4 نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر مجاہد کامران کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹرظفر معین پنجاب یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر رخسانہ کوثر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور ڈاکٹر زبیر نواز شریف انجئینرنگ یونیورسٹی ملتان کے قائمقام وائس چانسلرز ہوں گے جبکہ ڈاکٹر اشتیاق سرگودھا یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر مقرر کئے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے عدالتی فیصلہ کی عمل درآمد رپورٹ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آئندہ سماعت پر پیش کی جائے گی ۔