Reporter SS
پاکستان میڈیکل کونسل کی جانب سے 2022ء کے داخلہ ٹیسٹ میں پاسنگ اسکور 65؍ فیصد رکھنے سے ملک بھر کے سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں 856؍ (5فیصد)جبکہ سرکاری اور پرائیویٹ ڈینٹل کالجز میں 1061(28فیصد ) نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔
پاکستان بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس سال اوّل کیلئے 17065؍ نشستیں مختص ہیں جن میں 15909؍ طلباء کو داخلہ دیا گیا جبکہ 300؍ خصوصی نشستیں اس کے علاوہ تھیں۔ سرکاری اور پرائیویٹ ڈینٹل کالجز میں 3683؍ نشستیں تھیں جن میں 2569؍ کو داخلہ دیا گیا جبکہ52؍خصوصی نشستیں تھیں۔
سندھ میں سرکاری میڈیکل کالجز کیلئے 2400؍ نشستیں تھیں اور داخلے 2174؍ دئیے گئے اس طرح 226؍ نشستیں خالی رہ گئیں۔ سندھ میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی1850نشستیں تھیں اور داخلے 1623؍ دئیے گئے اس طرح 223؍ نشستیں خالی رہ گئیں۔ سندھ میں پرائیویٹ ڈینٹل کالجز کیلئے 740؍ نشستیں مختص تھیں اور147؍ داخلے دیئے گئے اس طرح 592 نشستیں یعنی 80فیصد خالی رہ گئیں۔ سندھ میں سرکاری ڈین کالجز میں 500؍ نشستیں تھیں 462؍ کو داخلہ دیا گیا یعنی 7.60؍ فیصد نشستیں خالی رہ گئیں۔
پنجاب میں سرکاری میڈیکل کالجز میں 158، نجی میڈیکل کالجز میں 55؍، سرکاری ڈینٹل کالجز میں 38؍ اور نجی ڈینٹل کالجز میں 283؍ نشستیں خالی رہ گئیں۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 108، نجی میڈیکل کالجز میں ایک، سرکاری ڈینٹل کالجز میں 64اور نجی ڈینٹل کالجز میں5نشستیں خالی رہ گئیں۔ بلوچستان کے سرکاری میڈیکل کالجز میں44، نجی میڈیکل کالجز میں ایک اور سرکاری ڈینٹل کالجز میں 13نشستیں خالی رہ گئیں۔
اسلام آباد کے سرکاری میڈیکل کالجز میں کوئی نشست خالی نہیں رہی، نجی میڈیکل کالجز میں 4، سرکاری ڈینٹل کالجز میں 2؍ اور نجی ڈینٹل کالجز میں ایک نشست خالی رہ گئی۔ آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 36، نجی میڈیکل کالجز میں کوئی نشست خالی نہیں رہی۔
پاکستان میڈیکل کونسل(پی ایم سی) کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی نے کہا کہ ہم نے امیدواروں کو ایک موقع دینے کے لیے پی ایم سی کا پورٹل 24سے 28فروری تک کھولا تھا اور امیدواروں کو چار کالجوں کے انتخاب کا حق دیا تھا جس کے جواب میں ہم نے میرٹ کے حساب سے اہل امیدواروں کو داخلے کے لیے فہرست بھی جاری کردی ہے۔۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا کہ پی ایم سی نے داخلہ پورٹل کھول کر ایک بار پھر داخلے بھیج دئیے ہیں اور سندھ میں کلاسیں بھی شروع ہوچکی ہیں ہمارے سرکاری کالجوں میں داخلے تقریباً مکمل ہوچکے ہیں نجی ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی نشستیں خالی ہیں جو ہر سال رہ جاتی ہیں۔
کراچی : یونیورسٹی آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے آئی ٹی سیکٹر میں اہم سنگ میل عبورکرتے ہوئے پاکستان کا پہلا اوپن سورس رسک فائیو بیسڈ مائیکرو پروسیسر تیار کر لیا ہے۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مائیکرو پروسیسر کو یو آئی ٹی یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں متعارف کیا۔
اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ یو آئی ٹی یورنیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کا بہت بڑا کارنامہ ہے انہوں نے آئی ٹی انڈسٹری کا بہت بڑا خلاء پر کرنے میں ایک اہم کام انجام دیا ہے، دنیا بھر میں علم اوپن سورس ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے اسےاوپن سورس کرنا ضروری ہے یہ ایک ایسا کھلا نلکا ہے جس سے پاکستان کو سیراب ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے چیئر مین سلیکان فیڈریشن نوید شیروانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں چالیس چپس اینڈ ڈیزائن لیب بنائی جائیں گی، میری خواہش ہے کہ لوگ پاکستان سے باہر نا جائیں لیکن اچھا روزگار فراہم کرنا ریاست کی زمہ داری ہے۔ یو آئی ٹی پاکستان کی وہ واحد یورنیورسٹی ہے جس نے آج سے دو سال پہلے ایک چھوٹے سے کمرے میں چپ مینو فیکچرنگ شروع کی اور اس خواب کو سچ کر دکھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر شعیب زیدی کا کہنا تھا کہ 'غازی' اور 'ابتداء' پاکستان کے پہلے اوپن سورس مائیکرو پروسیسر ہیں ۔ یو آئی یورنیورسٹی نے پاکستان کو چپ مینوفیکچرنگ میں خود مختار بنایا ہےانہوں نے مزید کہا کہ یو آئی ٹی یورنیورسٹی کے دو طالب علم لینکس فاؤنڈیشن پروگرام 2020 میں چار ہزار طلبہ میں منتخب ہوئے ہیں ہم کورس ورک سے زیادہ پریکٹیل انجینئرنگ پر زور دیتے ہیں یو آئی ٹی پاکستان کی وہ واحد یورنیورسٹی ہے جو سیمی کنڈکٹر ریسرچ پروگرام پر کام کر رہی ہے اور ہم چپ مینوفیکچنگ کو پاکستان بھر میں پھیلائیں گے۔
واضح رہے کہ پروسیسر یو آئی ٹی کی مرل لیب میں تیار کیا گیا ہے جسکی مینوفیکچرنگ گوگل نے اسپانسر کی ہے اس سے قبل چپ امپورٹ کیئے جاتی تھی تاہم اس اوپن سورس مائیکرو پروسیسر کے بعد پاکستان خود اوپن سورس چپ بنانے کے قابل ہوجائے گا۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں سندھ میڈیکل کالج کے5سالہ ڈگری پروگرام MBBS میں داخلہ حاصل کرنیوالےنئے طلبا و طالبات کیلئے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے کہاکہ میڈیکل کا شعبہ انتہائی قابل احترام پیشہ ہے اور ڈاکٹرز انسانیت کے مسیحا ہیں۔سندھ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور قریشی نے کہاہےکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی بہترین میڈیکل جامعات میں سے ایک ہے،سندھ میڈیکل کالج کےفارغ التحصیل طلباءدنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرکے ملک و قوم کانام روشن کر رہے ہیں۔
چیئرپرسن اپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ یونیورسٹی آپکی اورآپ اس یونیورسٹی کی پہچان ہیںلہٰذا یہاں دوران تعلیم نصابی سرگرمیوں کےساتھ ساتھ تعمیری سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،اپنے پیشے کو عزت دیں اور خود کو قابل بنائیںکہ دنیا آپ پر فخر کرے۔
انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ کوثرعلی نےتدریس و سیکھنے کی حکمت عملی اور وسائل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورانہ مہارت کے حصے کے طور پر آپ کو اپنے جذبات پر قابو رکھنا سیکھنا ہوگا، آپ اس یونیورسٹی کے سفیر ہیں لہٰذااس یونیورسٹی کو پروان چڑھانے میںاپنا کردار ادا کریں۔
انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ماری اینڈریڈس نے میڈیکل ایجوکیشن میں ابلاغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دوران تعلیم میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کےساتھ ساتھ طلباء کو مریضوںکیساتھ موثر ابلاغ کی حکمت عملی بھی سیکھنا ہوگی تاکہ ڈاکٹراورمریض کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہوسکے۔
رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے کہاکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آپ کا داخلہ آپ کے والدین کی دعائوں کا نتیجہ ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ کے والدین کو آپ پر فخر ہوگا اور آپ ایک دن اس یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے، ڈاکٹر اعظم خان نے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد طارق رفیع اور موجودہ وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول کی جامعہ کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔ استقبالیہ تقریب کی نظامت اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نازش جعفر نے کی ، آخر میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے طلبا سےحلف لیا ۔
، استقبالیہ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان،پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور قریشی،چیئرپرسن اپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ، انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ کوثرعلی،انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ماری اینڈریڈس پروفیسر سعدیہ اکرم اور فیکلٹی ارکان نے نئے طلباء کو جے ایس ایم یو کا حصہ بننے پرمبارکباد دی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روزکا کھیل کم روشنی کے باعث روک دیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج شام سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
کینگروز کے اوپنرز نے ٹیم کو 156 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں عثمان خواجہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 97 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنا لیے ہیں، مارنس لبوشین69 اور اسٹیو اسمتھ 24 رنز بناکروکٹ پرموجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹ کے نقصان پر476 رنز بناکر ڈیکلیئر کی تھی۔
ابوظہبی: معروف فٹبالر کلیرنس سیڈورف نےاسلام کےآفاقی پیغام سے متاثر ہوکر اللہ کی وحدانیت اور نبی آخری الزماں ﷺ کی رسالت کا اقرار کرتے ہوئےدائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں 3 مختلف کلبز کے ساتھ ٹرافی جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کرنے کا اعلان انسٹاگرام کی پوسٹ کے ذریعے کیا۔
انسٹاگرام پر اسٹار فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اہلیہ صوفیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام قبولیت پر ملنے والی نیک خواہشات اور پیغامات کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔
اپنی پوسٹ میں کلیرنس سیڈورف نے اعتراف کیا کہ اسلام کی آگہی میری ایرانی نژاد اہلیہ صوفیہ نے دی اور اب میں دنیا بھر کے تمام مسلمان بہن بھائیوں کے خاندان میں شامل ہوگیا ہوں۔
فٹبالر کلیرنس سیڈورف کی اہلیہ صوفیہ نے بھی انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے اسلام قبول کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اس خاص اور خوبصورت لمحے کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔
مانیٹرنگ ڈیسک: سوشل میڈیا کی مقبول ترین ایپلی کیشن ٹک ٹاک نےاپنےصارفین کےلیےبڑی تبدیلی کی ہے۔
مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ نے ویڈیوز کے دورانیے کو بڑھا کر 10منٹ کردیا ہے جس کےبعدصارفین زیادہ سے زیادہ 10 منٹ پر مشتمل ویڈیوز شیئر کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ٹک ٹاک ہمیشہ اپنے صارفین کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایپ میں تبدیلیاں کرتی ہے اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔
ویڈیوز کے دورانیے کی بات کی جائے تو ایپ کے متعارف ہونے کے بعد ابتدائی دنوں میں اس پر15 سیکنڈز کی ویڈیوز پوسٹ کی جاتی تھیں جس کے بعد یہ دورانیہ بڑھا کر 60 سیکنڈ کیا گیا۔
گزشتہ سال جولائی میں ویڈیوز کا دورانیہ 3 منٹ کردیا گیا تھا جب کہ اب 3 منٹ سے 10 منٹ کردیا گیا ہے۔
کمپنی کا ماننا ہے کہ دورانیہ بڑھانے سے تخلیق کاروں کو بے شمار فائدہ ہوگا، وہ اپنے مواد اور آئیڈیاز کو زیادہ بہتر طریقے سے دیگر صارفین تک پہنچانے کے قابل ہوجائیں گے۔
مانیٹرنگ ڈیسک: ماؤنٹ منگنوئی: آئی سی سی ویمنزورلڈکپ کےمیچ میں بھارت نے پاکستان کو107رنزسےشکست دے دی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے چوتھے میچ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے اور پاکستان ٹیم کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے سمرتی مندھنا، سنیہا رانا اور پوجا وستراکار نے نصف سنچریاں اسکور کیں جب کہ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرا سندھو نے 2،2 جب کہ ڈائنا بیگ، انعم امین اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کی جانب سے دیئے گئے 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مشکلات کا شکار رہی، بھارت کی تباہ کن بولنگ سے پاکستان کی پوری ٹیم 137 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور یوں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے ہرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے سب سے زیادہ 30 جب کہ ڈائنا نے 24 رنز بنائے اور بھارت کی جانب سے راجیشواری گایکواد نے 4، جھلن گوسوامی اور سنیہا رانا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اوٹاوا: کینیڈین سائنسدانوں نے دریافت کیا ہےکہ اعلیٰ تعلیم کےساتھ ساتھ کسی زبان پرخصوصی مہارت حاصل کرنےوالےافراد کےلیے ڈیمنشیا کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
یہ نئی تحقیق یونیورسٹی آف واٹرلُو، کینیڈا میں پروفیسر ڈاکٹر سوزین ٹیاس کی قیادت میں کی گئی ہے جس میں ’’نن اسٹڈی‘‘ (Nun study) کہلانے والے ایک طویل اور وسیع مطالعے سے حاصل شدہ معلومات سے استفادہ کیا گیا، جس کا آغاز 1986 میں ہوا تھا۔
اس تحقیقی مطالعے میں ’’اسکول سسٹرز آف نوٹرے ڈیم‘‘ کی 678 خواتین راہبائیں (nuns) بطور رضاکار شریک تھیں جن کی عمریں (مطالعے کے آغاز پر) کم از کم 75 سال تھیں۔ (2017 تک ان میں سے صرف تین سسٹرز ہی زندہ رہ گئی تھیں۔)
ڈاکٹر سوزین اور ان کے ساتھیوں نے ’’نن اسٹڈی‘‘ میں شریک، ایسی 472 سسٹرز کی طبّی معلومات کا جائزہ لیا کہ جن میں ڈیمنشیا سے پہلے کی علامت ’’ایم سی آئی‘‘ (MCI) ظاہر ہوچکی تھی، یعنی ان کی یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہونے لگی تھی
ریسرچ جرنل ’’نیورولوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ صحیح معنوں میں حاصل کی گئی اعلیٰ تعلیم اور پوری لگن سے سیکھا گیا ہنر نہ صرف مادّی طور پر ہمارے لیے بہتر ہیں بلکہ یہ ہمارے دماغ کو بھی مضبوط بناتے ہیں اور کئی نفسیاتی و ذہنی بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے سال اسی طرح کی ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ جو لوگ کم عمری سے تعلیم حاصل کرنا شروع کردیتے ہیں اور بڑے ہو کر پیچیدہ مہارت والے پیشے اختیار کرتے ہیں، انہیں ڈیمنشیا کا خطرہ دوسروں کی نسبت کم ہوتا ہے۔
اسلام آباد: ملک بھر میں آج تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار سے جمعرات تک ملک کے بالائی علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش و پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جس سے فصلوں اور اسٹرکچرز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ پہنچ سکتاہے
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے، منگل کے روز کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین،ژوب، موسی خیل، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، بھکر اور لیہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
آج اور کل بارش سے کرکٹ میچ متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بیچلر زآف ڈینٹل سرجری اور بیچلرزآف سائنس ان نرسنگ کےنئے طلبا و طالبات کیلئے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔بی ڈی ایس کے طلبا کی حلف برداری رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی قیادت میں ہوئی۔
وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے بی ڈی ایس اور بی ایس این کے نئے طلباءکیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ نئے طالب علموں کے لئے یہ نادر موقع ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کے حامل اس ادارے سے حصولِ علم و تحقیق کے لئے وابستہ ہوئے ، یہاں طلبا کو بہترین ، جدید اور عالمی معیار کی طبی تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے طلبا وطالبات کو یقین دہانی کراوئی کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح نرسنگ اور ڈینٹل کے طلباء کے لیے نشستوںمیں اضافہ اورسندھ میں دونوں پروگرامز کے لیے تربیتی مواقع کو بڑھانا ہے۔
پرنسپل سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز پروفیسر زبیر عباسی نے بی ڈی ایس پروگرام میں داخلہ لینے پر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی طبی تعلیم کے دوران محنت و لگن سےپڑھائی کریں ا ور ملک بالخصوص اس شہرو صوبے کیلئے تعمیری کردار اداکریں۔
انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کی پرنسپل روزینہ جلال الدین نے تعارفی تقریب میں نئے طلبا کو خوش آمدیدکرتے ہوئے کہاکہ صحت کے اہم امور کے بارے میں عوام کی رہنمائی اور امراض کی انتہائی درست تشخیص کو یقینی بنانے کیلئے نرسوں کا صحت عامہ کے تحفظ میں کردارانتہائی اہم ہے
استقبالیہ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر شاہد نے نرسنگ کے موجودہ بیچ کی طالبات کو اکیڈمک ایکسیلنس کے سرٹیفکیٹ پیش کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
استقبالیہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول ، رجسٹرارڈاکٹر اعظم خان، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز اور انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کی قیادت بشمول ڈین ایس آئی او ایچ ایس پروفیسر یاور علی عابدی،پرنسپل پروفیسر زبیر احمد عباسی، پرنسپل آئی او این روزینہ جلال الدین،فیکلٹی ارکان اوردیگر موجود تھے۔