جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(استنبول)استنبول میں ہونے ولے دھماکوں میں مرنے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
صدر طیب اردوان نے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ترکی کا شہر استبول یکے بعد دیگرے ہونے والے 2 بم دھماکوں سے گونج اٹھا۔ پہلا دھماکہ فٹ بال سٹیدیم کے باہر ہوا جس کے تھوڑی دیر بعد قریبی پارک میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکوں کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہو گئے جن کی نماز جنازہ استنبول میں ادا کی گئی۔ ترک صدر طیب اردوان بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ گاڑی سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر دس لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمہ داروی قبول نہیں کی تاہم اس سے پہلے ترکی میں ہونے والے دہشت گردی کے اکثر واقعات میں کرد علیحدگی پسند اور داعش ملوث رہے ہیں۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سمیت کوئی فارمیٹ نہیں چھوڑ رہا۔ میری عمر کو ایشو نہ بنایا جائے، مجھے یقین ہے کہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ جلد حاصل کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سمیت کوئی فارمیٹ نہیں چھوڑ رہا اور نہ ہی میری عمر کو ایشو بنایا جائے کیونکہ ٹیم میں 40 سال سے بڑی عمر کے کھلاڑی کھیل رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز اس بات کو سمجھیں کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے، ٹیم میں کوئی میری طرح نئی گیند سے بال کرانے والا نہیں۔

محمد آصف نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میچ میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 18.1 اوورز کرائے اور 29 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت حبیب بینک لمیٹڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 236 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں ہی 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔

میچ کا پہلا دن ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ”میں نے گزشتہ میچوں میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے لیکن چونکہ آج فائنل میچ ہے اور یہ براہ راست نشر بھی کیا جا رہا ہے، میں صرف محظوظ ہو رہا تھا۔ میرے پاس ضروری ردھم موجود ہے اور یہ ایک بڑا میچ ہے اس لئے صرف بڑے کھلاڑی ہی ایسے مواقعوں پر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ میں نے بہترین کھیل پیش کیا اور امید کر رہا ہوں کہ دوسری اننگز میں بھی ایسا ہی ہو گا۔“

قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ”میں وہی کر رہا ہوں جو مجھے کرنا چاہئے، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے اور اس کے بعد سلیکٹرز پر منحصر ہے۔ میں اپنی بہترین کوشش کر رہا ہوں اور اس سے زیادہ نہیں کر سکتا۔ بنیادی چیزیں اب بھی وہی ہیں جو میں بھولا نہیں اور میں بس محنت کر رہا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ میرے لئے اب بھی جگہ موجود ہیں جو اب تک کسی نے نہیں لی اور میں پراعتماد ہوں کہ میں جلد اپنی جگہ واپس لوں گا۔“

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے لیے یونس خان کو لازمی رنز کرنا ہوں گے جب کہ مصباح الحق کو کپتانی کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا الیون کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا اور یہ پاکستان کی اچھی ابتدا ہے تاہم آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے لیے یونس خان کو لازمی رنز کرنا ہوں گے جب کہ نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شکست کی بڑی وجہ پریکٹس میچ نہ ملنا تھا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی کرنے والے مصباح الحق کو اپنی کپتانی کا فیصلہ خود کرنا ہوگا جب کہ وکٹ کیپیر بیٹسمین کامران اکمل کی کارکردگی پر نظر ہے، اگر ٹیم میں ان کی ضرورت ہوئی تو انہیں ضرور قومی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ترجمان پی آئی اے نے حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے انجن میں پہلے سے خرابی سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی قیاس آرائیوں سے عوام غلط نتائج اخذ کر سکتے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے انجن میں پہلے سے کسی خرابی کی موجودگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرحلے پر یہ تاثر دینا کہ ایک انجن کا پنکھا اُلٹا چل رہا تھا جو حادثے کا باعث بنا قبل از وقت ہے، اس قسم کی قیاس آرائیوں سے عوام غلط نتائج اخذ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارے کے دونوں انجن ٹیک آف کے وقت بالکل ٹھیک کام کررہے تھے لہذا دورانِ پرواز کوئی مسئلہ ہوا جو حادثے کا باعث بنا جب کہ حادثے کی مکمل تحقیقات ایک خود مختار ادارہ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کر رہا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ جائے حادثہ سے ملنے والی تمام اشیاء بشمول کاک پٹ آلات تحقیقات میں اہم معلومات فراہم کرسکتے ہیں لیکن صرف چند اشیاء کی بنیاد پر حتمی رائے قائم کرنا گمراہ کن ہو سکتا ہے، سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کو وزیراعظم کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ تحقیقات کا عمل شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہو اور سچ عوام کے سامنے جلد از جلد لایا جائے لہذا میڈیا سے درخواست ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی آر طیاروں میں دنیا کی معروف انجن ساز کمپنی Pratt & Whitney کے انجن استعمال کیے جاتے ہیں اور یہ کمپنی 1925 سے اب تک دنیا کی مشہور طیارہ ساز کمپنیوں کو 20 ہزار سے زائد انجن فروخت کر چکی ہے جن میں بوئنگ اور ایئر بس کے علاوہ ملٹری طیارے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی جس سے معروف نعت خواں جنید جمشید، ان کی اہلیہ، ڈپٹی کمشنر چترال، ان کی اہلیہ، بیٹی اور3 غیرملکیوں سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن پھر بھی اسلامی ممالک میں ہمارا پیارا وطن ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے جب کہ ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں۔

مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں، جمہوریت کی موجودہ شکل ہماری منزل نہیں بلکہ ہمیں اس میں شفافیت لانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت 4 بار ڈی ریل ہوئی لیکن اب راستہ نکل آیا ہے اوراب سیاسی جماعتوں میں بلوغت آ رہی ہے۔

کراچی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں،فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا اور کر بھی رہے ہیں، آنے والی نسل کو جلتا ہوا نہیں بلکہ روشن ، خوشحال اور مستحکم پاکستان دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ایک پرعزم قوم ہے اس نے اپنا راستہ خود بنایا ہے، عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنے نمائمدوں کے فیصلے کرتے ہیں، وسائل نہ ہونے کے باوجود پاکستان ایٹمی طاقت بنا، پاکستان کوبانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن اس کے باوجود اگر اسلامی ممالک کی جانب دیکھیں تو پاکستان ایک مستحتم ملک نظرآتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(پشاور) خیبر پختونخوا حکومت نے قطری شہزادے کو تلور کے شکار کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نایاب پرندے کا شکار غیر قانونی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے قطری شہزادے کو تلور کے شکار کی اجازت دینے کے حوالے سے خیبر پختون خوا حکومت نے رابطہ کیا تاہم صوبائی حکومت نے نایاب پرندے کے شکار کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے قطری شہزادے کو شکار کی اجازت دینے سے معذرت کر لی ہے۔
مشیر وزیراعلیٰ پختونخوا برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ کا کہنا ہے کہ وفاق نے صوبائی حکومت سے قطری شہزادے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان میں تلور کے شکار کی اجازت کے لئے رابطہ کیا تھا جسے صوبائی حکومت نے سختی سے مسترد کردیا ہے
اشتیاق ارمڑ کا کہنا تھا کہ پختونخوا حکومت نے اپنی صوبائی حدود میں تلور کے شکار پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، ہم اپنے صوبے کو پنجاب کی طرز پر قطری شہزادوں کی شکار گاہ میں تبدیل نہیں کرسکتے، قطری شہزادہ ہو یا کوئی اور کسی کو بھی غیرقانونی شکار کی اجازت نہیں دی جائے گی اور 18 ویں ترمیم کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہمارا صوابدیدی اختیار ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت چئیرمین تحریک انصاف کے وژن کی روشنی میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی، اس سے پہلے بھی صوبے کی حدود میں ایک قطری شہزادے نے تلور کا شکار کیا تھا جسے پکڑ کر 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی تھی اور اب بھی اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ نوازشریف کا اپنے ذاتی مفادات کے لئے پاکستانی شہریوں کو حراساں کرنا انتہائی حیران کن فعل ہے، کسی بھی جمہوری معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا۔

 

 

 


ایمزٹی وی(کراچی)شہر قائد میں مردے نکال کر قبریں بیچنے کے گھناﺅنے کاروبار میں کے ایم سی ملازم کے ملوث ہونے کا انکشاف بھی ہو ا ہے اور گرفتار ملزم نعیم عرف کالو نے دوران تفتیش انتہائی ہوشربا تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نعیم عرف کالو نے بتایا کہ کے ایم سی ملازم اعجاز، جسے ”اعجاز صاحب“ کے نام سے بلایا جاتا ہے اس گینگ کے سرغنہ ہیں اور ہر قبر توڑنے سے پہلے ان سے کٹنگ کے احکامات لئے جاتے ہیں۔ نعیم عرف کالو نے پولیس کو بتایا کہ قبروں پر پانی ڈالنے والے بچے یہ خبر دیتے تھے کہ کس قبر کے لواحقین نہیں آ رہے اور ان کی دی گئی معلومات پر ریکارڈ مرتب کیا جاتا تھا اور پھر ایک سال انتظار کیا جاتا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ ایک سال تک جس قبر کے لواحقین نہیں آتے تھے اسے توڑ دیا جاتا تھا اور 20 سے 30 ہزار روپے میں فروخت کر دیا جاتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے انکشاف کے بعد اس کاروبار میں ملوث بچوں کی حوالگی سے متعلق کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ اس گینگ کے مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائی جاری ہے۔

 


ایمزٹی وی(لاہور)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وکیل کے عدالت میں بیان کے بعد آرٹیکل 62 اور 63 کی رو سے وزیراعظم نہیں رہ سکتے۔ جب تک پانامہ کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا، وزیراعظم عہدے سے الگ ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کا پوچھا جائے تو حکمران کہتے ہیں کہ ثابت کریں، 75 دن ہو گئے ہیں مگر کوئی فیصلہ نہیں آیا اور حکمران تو چاہتے ہیں کہ قیامت تک ان کافیصلہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وکیل نے سپریم کورٹ میں کہا کہ اسمبلی کی تقریر سیاسی تھی۔ وکیل کے اس بیان کے بعد آرٹیکل 62 اور 63 کی رو سے وزیراعظم نہیں رہ سکتے، ہم احتساب اور انصاف چاہتے ہیں۔

 


ایمزٹی وی(پشاور)خیبرپختونخواہ حکومت نے ورلڈ بینک سے 70 ارب روپے قرضہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت مالی بحران کا شکار نہیں ہے بلکہ یہ قرضہ موٹروے بنانے کیلئے لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرضہ صوابی، سوات موٹروے کیلئے لیا جا رہا ہے۔ محمد زبیر، دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی طرح افواہیں نہ پھیلائیں ۔

 


ایمزٹی وی(بزنس) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے اسپین کے لئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے اسپین کے شہر بارسلونا کے لئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

ترجمان پی آئی اے کے مطابق سانحہ 7 دسمبر کے باعث کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا، پی آئی اے کی بارسلونا کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلا کریں گی، ایک پرواز اتوار کو اسلام آباد اور دوسری منگل کو لاہور سے بارسلونا کے لئے روانا ہوا کرے گی۔