جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کل بروز پیر مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں اور گلیوں، بازاروں، گھروں کو روشنیوں سے سجانے کے علاوہ نعتیہ محفلوں اور لنگر کے انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور وزارت پانی و بجلی نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عیدمیلاد النبیﷺ کل بروز پیر عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا۔ نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کی آمد کا جشن منانے کیلئے ملک بھر میں زور و شور سے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہر جانب روشنیاں ہی روشنیاں نظر آ رہی ہیں۔ گلیوں، بازاروں، پارکوں، گھروں کو روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں ’پہاڑیاں‘ بنانے کے سلسلہ بھی جاری ہے جہاں خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ کے ماڈل رکھنے کے علاوہ مختلف چیزوں کے ذریعے دیکھنے والوں کو تفریح کا سامان مہیا کیا جاتا ہے۔

ملک بھر میں بڑی تعداد میں نعت اور درس قرآن کی محافلوں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے اور ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے نبی کریم ﷺ کیساتھ محبت کے اظہار کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ ملتان میں 12 ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک بھی تیار کر لیا گیا ہے جسے پیر کے روز تلوار کے ذریعے کاٹا جائے گا۔ حکومت نے بھی عوام کی سہولت اور عقیدت و احترام کے ساتھ جشن عید میلاد النبیﷺ منانے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 


ایمزٹی وی(اسپوٹس)بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے دوران ایک پاکستانی کرکٹر کو مبینہ طور پر اپنے ہوٹل کے کمرے میں لڑکی کو بلانے پر وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ کے آرگنائزرز نے جواریوں کے ہتھکنڈوں سے بچنے کیلئے ایسے کسی بھی فعل کو کالعدم قرار دیدیا تھا۔ذرائع نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ”آرگنائزرز نے کھلاڑیوں کو اپنے کمروں میں خواتین کو دعوت نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔

مذکورہ پاکستانی کھلاڑی کے معاملے میں اسے خاص طور پر ایک غیر ملکی لڑکی کے بارے میں ہدایات دی گئیں جو بی پی ایل میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والوں کی واچ لسٹ پر تھی۔“

انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اس کھلاڑی کو سیکیورٹی حکام نے اس وقت بلایا جب انہوں نے اسی لڑکی کو کھلاڑی کے کمرے میں دیکھا تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت اسے کسی بھی قسم کا جرمانہ نہ کیا گیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کی جانب سے اپنے کمروں میں خواتین کو بلانے پر نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور انہیں ریکارڈ جرمانہ بھی کیا گیا۔

فاسٹ باﺅلر الامین حسین اور بلے باز صابر رحمان کو بی پی ایل میں میدان کے باہر نظم و ضبط کی انتہائی سنگین خلاف ورزی کرنے پر 15,15 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا۔ بنگلہ دیشی بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ”دونوں کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ ہونے کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کروائی گئی اور مستقبل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی کرنے پر مزید سخت سزا کا بھی کہا گیا۔“

نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کسی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو کئے گئے یہ سب سے زیادہ جرمانے ہیں۔ بی پی ایل میں حصہ لینے کیلئے الامین کو حاصل ہونے والی رقم کا 50 فیصد اور صابر حسین کو حاصل رقم کا 30 فیصد جرمانہ بنتا ہے۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں ملائیشیا نے پاکستان کو ایک گول سے شکست دے دی ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں ملائیشیا اور پاکستان کے درمیا ن سخت مقابلہ ہوا جو 31-31گول سے برابر ہو گیا جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا جس میں ملائیشیا نے چار گول بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم نے تین گول بنائے ۔
میزبان ٹین ملائیشیا نے 34کے مقابلے میں 35گول کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔واضح رہے کہ پاکستان روائیتی حریف بھارت کو سیمی فائنل میں ہراکر فائنل میں آیا تھا ۔

 


ایمزٹی وی(پشاور)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے صوبے میں تلور کے شکار پر پابندی عائد کردی ،ان کا کہناہے کہ کسی کو بھی صوبائی حدود میں تلور کے شکار کی اجازت نہ دی جائے ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرویز خٹک نے صوبے میں تلور کے شکار پر پابندی عائد کردی ہے۔

عمران خان ک تلور کے شکار پر پابندی کا مطالبہ

ان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی صوبائی حدودمیں تلورکےشکارکی اجازت نہ دی جائے ۔پرویزخٹک نے محکمہ وائلڈلائف کوپابندی کے احکامات جاری کردیے۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ پابندی عمران خان کے کہنے پر لگائی گئی ۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے تلور کے شکار پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبائی حکومت سے شکار کی اجازت نہ دینے کی سفارش کریں گے۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے تلور کے شکار پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبائی حکومت سے شکار کی اجازت نہ دینے کی سفارش کریں گے
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے تلور کے شکار کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلور ایک نایاب پرندہ ہے اور اس کا شکار غیر قانونی ہے، اس کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک سے بات کروں گا اور صوبائی حکومت سے سفارش کروں گا کہ تلور کے شکار کی کسی کو اجازت نہ دی جائے۔

واضح رہے کہ عرب ممالک کے باشندے تلور کا شکار کرنے کیلئے بڑی تعداد میں پاکستان کا رخ کرتے ہیں اور حکومت انہیں لائسنس بھی جاری کر دیتی ہے۔ حال ہی میں قطری شاہی خاندان کے 12 افراد بھی تلور کے شکار کیلئے پاکستان آئے اور بھکر کے قریب خیمہ بستی قائم کر کے تلور کا شکار کیا۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے فصلیں خراب ہونے کے باعث احتجاج بھی کیا اور خیمہ بستی کے قریب پہنچ کر حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔ مقامی لوگوں کو قطری شاہی خاندان کے اتنا قریب دیکھ کر پولیس بھی بوکھلا گئی اور انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے باعث مبینہ ’شکار گاہ‘ میدان جنگ میں تبدیل ہو گئی۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) بحری قزاقی کی بیخ کنی کےمشن پر تعینات پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے گلف آف عدن میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کو بچا لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کثیرالملکی ٹاسک فورس ون فائیو ون کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈور شعیب کر رہے ہیں، سوکوٹرا آئز لینڈ سے 30 ناٹیکل مائل شمال مغرب میں ڈوبنے والی یمن کی کشتی میں 60 افراد سوار تھے، اطلاع ملتے ہی ہیڈ کوارٹرکمبائنڈ ٹاسک فورس 151 نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جس کی نگرانی پی این ایس شمشیر نے کی۔ سرچ اینڈ ریسکیو کے نتیجے میں 41 قیمتی انسانی جانوں کو بچا لیا گیا۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میئرکراچی وسیم اخترکی ہرقسم کی مدد کوتیا ر ہیں اور ہر معاملے میں ان کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پانی کے منصوبے پر 4 ماہ میں کام مکمل کرلیا جائے گا جب کہ شہر میں سڑکوں کی تعمیرکے 6 منصوبے شروع کر دیئے ہیں، ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو روزمرہ کے کاموں میں دشواری ہوگی لیکن عوام سے اپیل ہے کہ وہ تعاون کریں کیونکہ یہ کام عوام کی فلاح کے لئے ہی ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورے کا پروگرام رات کو اچانک بنا اس لیے میئر کو ساتھ نہ لانے کی کوتاہی مانتا ہوں لیکن میئرکراچی وسیم اخترکی ہر قسم کی مدد کو تیار ہوں اور ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مئیرکراچی کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اعتماد میں لیا جب کہ ان سے درخواست کروں گا کہ آئندہ دورے پرساتھ آئیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے دورے کروں گا، ترقیاتی کام انتخابات سے پہلے کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ کم سے کم وقت میں تمام پروجیکٹ مکمل کر لئے جائیں۔ کراچی میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں کچرا اٹھانے کی ذمہ داری میری ہے، کچرا اٹھانے کی صورت حال میں بہتری آئی ہے لیکن راتوں رات حالت بہتر نہیں کرسکتا ہوں جب کہ شہرمیں امن وامان کی بہتری کے لئے پولیس کو اگرمزید سہولیات دینی پڑی تو دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے اچانک مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا، وزیر بلدیات جام خان شورو اور سینیٹر سعید غنی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی سب سے پہلے طارق روڈ پہنچے اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، طارق روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبے پر 51 کروڑ 65 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو طارق روڈ پر پارکنگ لین لازمی طور پر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی سندھ طارق روڈ کے بعد حسن اسکوائر پہنچے جب کہ وزیراعلی نے یونیورسٹی روڈ پرشروع ہونے والے مرمتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں مختلف مقامات پر کچرے اور گندگی کے ڈھیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہرمیں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو بہتر بنایا جائے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پمز ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف نے کہا ہے کہ ڈی این اے کے ذریعے میتوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ ورثاءکو حوالگی کا عمل 17 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر الطاف نے کہا کہ میتوں کی تصدیق ڈی این اے، انگلیوں اور دیگر علامات سے کی جا سکتی ہے جبکہ شناخت کا ایک طریقہ کار دانتوں کے ذریعے بھی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے طیارہ حادثے میں کسی کا چہرہ بھی سلامت نہیں تھا اور ڈی این اے کے ذریعے ان کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پمز میں 45 میتیں لائی گئی تھیں جن میں سے 9 کی تصدیق ہو گئی ہے اور باقیوں کی شناخت کا کام جاری ہے جس کے بعد میتیں ورثاءکے حوالے کر دی جائے گیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام لاشیں ایک ہی سردخانے میں موجود ہیں جہاں ان کی حفاظت کیلئے تمام سہولیات موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک چینی باشندے کے بھائی اور ایک اور مسافر کے ورثاءکی جانب سے سیمپل ملا ہے لیکن امید ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں باقی افراد کی جانب سے بھی سیمپل مل جائیں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف اور صدرمملکت ممنون حسین نے ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم کو دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین نے ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے مل کر نمٹنا ہوگا، پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں 

وزیراعظم نے ترکی دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت غم کی اس گھڑی میں ترک عوام اور حکومت کے ساتھ ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کا دھماکوں کی مذمت اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے تعزیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دکھ اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ ہیں اور پاکستان اورترکی دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے آخری دم تک مل کر کام کریں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(سندھ) : سوئی سدرن کے سسٹم میں گیس کی قلت کے باعث سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کے سسٹم میں گیس کی قلت کے باعث سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز دوپہر 12 سے رات 12 بجے تک بند رہیں گے۔