Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی)معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید کے بھائی ہمایو ں جمشید نے کہا ہے کہ جنید جمشید کی تدفین کہاں ہو گی ،اس حوالے سے ابھی مشاورت چل رہی ہے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ہمایو ں جمشید نے کہا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ جلد ہی آنے کا امکان ہے ،تدفین کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے جس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے ۔
انہوں نے مز ید کہا کہ دنیا بھر سے جنید جمشید کے چاہنے والوں کی کالز آرہی ہیں جو اپنے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں ۔
ایمزٹی وی(سیالکوٹ)وزیردفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ ہمارے مخالفوں کی اس سے بڑی شکست کیا ہوسکتی ہے ان کو تائید کنندہ تک نہیں ملتا،ان کو ان کی ناعاقبت اندیشی اس مقام تک لے آئی ہے.
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں ان کے حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار کو 72 ہزار ووٹ ملے تھے لیکن گزشتہ روز مئیر کے لئے تحریک انصاف کو تائید کنندہ تک نہیں ملا مخالفین کے لئے اس سے بڑی شکست اور کیا ہوگی، انہیں ان کی سیاسی ناعاقبت اندیشی اس مقام تک لائی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر صورت سچ بولنا چاہیے کیونکہ اسے یاد رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی جب کہ جھوٹ کو یاد رکھنا پڑتا ہے، عمران خان نے خود پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کی درخواست دی تھی لیکن جب عدالت نے کمیشن کا کہا تو عمران خان بھول گئے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان صدر نے احسان فراموشی کی زبان استعمال کی افغانستان کی جانب سے بھارت میں جو زبان پاکستان کے لئے استعمال کی گئی اس کو سراہا نہیں گیا پاکستان نے افغانستان کے لئے بہت قربانیاں دیں اور 35 سال سے ان قربانیوں میں تواتر قائم ہے۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات خرابی کی طرف جا رہے ہیں، مرکزی حکومت پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے ملک میں کوئی حادثہ رونما ہو جاتا ہے جو سوالیہ نشان ہے ، مرکزی حکومت ہندوستان سے دوستی نبھا رہی ہے ،بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کے فرار کی راہیں تلاش کی جار ہی ہیں، اس معاملے پر مشیر خارجہ کا بیان مایوس کن ہے ، سیز فائر لائن توڑنے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں مزار چوہدری غلام عباس پر 18 دسمبر کو قائد ملت کی برسی کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے سیکرٹری جنرل مہرالنساء ، چیئرمین استقبالیہ کمیٹی راجہ یاسین ، سردار صغیر خان، افتخار رشید، بابر محمود منگوال اور دیگر نے خطاب کیا، اجلاس کے دوران طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعابھی کی گئی ، سردار عتیق احمد نے کہا کہ حسب روایت اس بار بھی برسی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی،تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اُس پار مثبت پیغام جا سکے.
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو گولڈ میڈل دے دیا گیا۔
تفصیلاے کے مطابق پاکستان فیڈریشن آف بزنس اور پروفیشنل وومین آرگنائزیشن کی جانب سے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو بہترین تعلیمی خدمات سرانجام دینے پر گولڈ میڈل اور بہتر کارکردگی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کےشعبہ خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار بعنوان ’’خصوصی تعلیم میں ٹیکنالوجی کا کردار‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کہا کہ معذور افراد سے اپنائیت، محبت اور شفقت کا عمل ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔
ٹیکنالوجی کے میدان میں من حیث القوم ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں سائنس کے میدان میں ترقی کاپیمانہ تین درجوں میں تقسیم ہے پہلا درجہ ایجاد کا ہے ،دوسرادرجہ اینوویشن اور تیسرادرجہ ڈسکوری کا ہے جبکہ چوتھا درجہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر کا ہے جس سے ہم استفادہ کررہے ہیں اورجولمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہحقیقت یہ ہے کہ ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے درجے سے آگے نہیں جاسکے جو افسوسناک ہے،ٹیکنالوجی آپ کی تہذیب ،معاشرت اور ثقافت پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے کوئی بھی نئی ٹیکنالوجی آئے تو وہ انتہائی مہنگی ثابت ہوتی ہے،علاوہ اس کے آپ اسے اپنی ثقافت ،کلچر،ا، معیشت اوراپنی معاشرت میں سمونہ دیں،دنیاکے دیگر معاشروں نے اپنی ضرورت کے حساب سے ٹیکنالوجی کو ایجاد کیا جبکہ ہم نے اس ٹیکنالوجی کو اسی شکل میں اُٹھایا اور اپنے ہاں منتقل کردیا جو افسوسناک امرہے ۔
جامعہ کراچی کے شعبہ خصوصی تعلیم کی انچارج ڈاکٹر حمیرا عزیز نے کہا کہ خصوصی افراد کی کفالت اور نگہداشت کرناکسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) بے نظیربھٹو یونیورسٹی لیاری میں داخلہ ٹیسٹ کل ہوگا
تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو شہیدیونیورسٹی لیاری کراچی کے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال اسپرنگ 2017 ء میں بی ایڈ،اے ڈی ای ،ایم بی اے،ایم کام،ایم اے انگلش،ایم سی ایس،ایم ایڈپروگرامز میں داخلہ کے لئے ٹیسٹ ۱توار 11 دسمبر کو صبح نو بجےنظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کراچی کے مین کیمپس میں منعقد ہوگا
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے انتظامی امور کے انچارج سید عزیر اختر نے الزام لگایا ہے کہ جامعہ کراچی میں داخلہ برائے 2017میں شعبہ ویژول اسٹڈیز میں خلاف ضابطہ میرٹ لسٹ بنا کر طلباء کا داخلہ ٹیسٹ لیا گیا۔
جس کے نتائج آنے کے بعد پہلی لسٹ میں میرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے من پسند طلباء کو انٹرویو کیلئے بلایا گیا ۔داخلہ ٹیسٹ میں نمایاں نمبر لانے والے طلباء تاحال انٹرویو کے منتظر ہیں ۔انہوں نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر اور ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر خالد عراقی سے مطالبہ کیا کہ طلباء کو میرٹ پرداخلے دئیے جائیں
ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)حکومت پنجاب نے دھند، سردی کی شدت اور خشک سالی سے پھیلنے والی بیماریوں کے خدشہ پر تعلیمی اداروں میں 22دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سے قبل 24سے 31 دسمبر تک چھٹیاں دی جاتی تھیں اسکولوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں موسم سرما کی تعطیلات 22دسمبر منگل سے یکم جنوری تک ہوں گی
ملک میں بارشیں نہ ہونے اور خشک سردی کے سبب اسکول، کالجز جانے والے بچے مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں اس لیے صوبائی حکومت نے 22 دسمبر سے چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا
ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے 3 روزہ پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 210 رنزسےشکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔
آسٹریلیا کے کیزالیز اسٹیڈیم کیرنز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون 109 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دوسری اننگز میں ارجن نائر کے سوا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، نائر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ جیک کارڈر 17 اور مارک اسٹیکیٹی 12 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 جب کہ محمد عامر اور راحت علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہاب ریاض اور اظہر علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 208 رنز بنائے جس کے جواب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 216 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 310 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں یونس خان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سرفراز احمد نے 39 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں اظہر علی 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمد نواز نے بھی 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ بولنگ میں پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے مجموعی طور پر 5، 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہاب ریاض کے حصے میں 4، محمد نواز کے حصے میں 3 اور اظہر علی کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) حال ہی میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیت کر وطن لوٹنے والے باکسر محمد وسیم نے پاکستان کے لئے کورین شہریت کی پیش کش ٹھکرا دی۔ ذرائع کے مطابق باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ باکسنگ بہت مہنگی گیم ہے اور اس کے لئے اسپانسر کی ضرورت ہوتی ہے، مجھے پیسے نہیں پروموٹر چاہیئے۔
انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے تعاون نہ کرنے پر گلہ کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز سمیت کئی میڈلز جیتے لیکن حکومتی سطح پر کسی بھی فائٹ کے لیے کوئی اسپانسر نہیں کیا گیا، حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
امریکا جانے سے قبل سب نے رابطہ کیا لیکن کسی نے مدد نہیں کی، وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کے پاس 4 بار گیا لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، امریکا میں ہونے والی ڈبلیو بی سی ٹائٹل کی فائٹ اپنے بل بوتے پر جیتی، صرف کورین اسپانسر نے سپورٹ کیا۔
باکسر محمد وسیم نے کہا کہ میں دنیا کے بہترین باکسرز کو چیلنج کرنے جا رہا ہوں اور مارچ میں ورلڈ ٹائٹل کے لیے فائٹ ہوگی، مجھے اگلی فائٹ کے لئے بھی اسپانسر کی ضرورت ہے، حکومت نے صرف اسپانسر کا اعلان کیا عملی اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ کوریا نے شہریت کی پیش کش کی ہے لیکن پاکستان نہیں چھوڑوں گا، اب بھی کورین پروموٹر اسپانسر کر رہے ہیں۔